نشانہ بازی میں مہارت فوجی تربیت کا بنیادی جزو رہنا چاہیے، فیلڈ مارشل
راولپنڈی :(بیورورپورٹ) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے نشانہ بازی میں مہارت کو فوجی تربیت کا بنیادی جزو رہنا چاہیے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 45ویں پاکستان آرمی رائفل ایسوسی ایشن سینٹرل میٹ کی اختتامی تقریب میں فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی،نشانہ بازی کے مقابلے میں پاک فوج، فضائیہ، بحریہ، سول آرمڈ فورسز اور صوبائی ٹیموں نے بھرپور شرکت کی۔
45ویں پی اے آر اے سنٹرل میٹ میں 2 ہزار سے زائد شوٹرز نے حصہ لیا،پاک فوج نے تیسری انٹر سروسز کامبیٹ شوٹنگ چیمپئن شپ 2025 جیت لی، پاک فوج نے تمام چار انٹر سروسز میچز میں کامیابی حاصل کی، پنجاب رجمنٹ نے یونٹ فائرنگ پروفیشنسی میچ گروپ-ون میں پہلی پوزیشن حاصل کی،پنجاب رجمنٹ کے سپاہی عرفان ماسٹر ایٹ آرمز قرار پائے، آرمی مارکس مین شپ یونٹ کے نائب صوبیدار عمر فاروق نے آرمی ہنڈرڈ رائفل میچ ٹرافی جیت لی۔
سید عاصم منیر نے شرکا کی بہترین نشانہ بازی کو سراہتے ہوئے کہا شوٹنگ میں مہارت فوجی تربیت کا بنیادی جزو رہنا چاہیے،علاوہ ازیں فیلڈ مارشل نے ملٹری کالج جہلم کی 100سالہ تقریبات میں بھی شرکت کی، سینٹینری یادگار اور کالج میوزیم کا افتتاح کیا، کالج کی ایک صدی پر محیط شاندار خدمات کو خراج تحسین پیش کیا،سید عاصم منیر نے کہا ملٹری کالج جہلم نے قیادت، نظم و ضبط اور حب الوطنی کو فروغ دیا، فیلڈ مارشل نے یادگار شہداءپر پھول چڑھائے، قبل ازیں سید عاصم منیر کی آمد پر کور کمانڈر راولپنڈی اور آئی جی ٹریننگ اینڈ ایویلیوایشن نے استقبال کیا۔
















