پاکستان ،ترکیہ قریبی تعاون جاری رکھنے پر متفق،امن،استحکام وخوشحالی کااعادہ
باکو، اسلام آباد: (مشرق نیوز،بیورورپورٹ) پاکستان ،ترکیہ علاقائی و بین الاقوامی امور پر قریبی رابطہ ،تعاون جاری رکھنے پر متفق،خطے سمیت مسلم دنیا میں امن، استحکام و خوشحالی کے فروغ کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
اتفاق رائے باکو میں وزیراعظم شہباز شریف ،ترک صدر رجب طیب اردوان کے درمیان ملاقات میں ہوا، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ، آذربائیجان کے صدر الہام علیوف بھی موجود تھے،دونوں رہنماوں نے پاکستان ،ترکیہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلووں کا جائزہ لیا ، باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا پاک ترکیہ دوستی ہفتہ کی پرجوش تقریبات برادر ممالک کے دیرینہ و مضبوط تعلقات کی عکاس ہیں، برادرانہ تعلقات کو جامع شراکت داری میں بدلنے کےلئے پرعزم ہےں، سیاسی، دفاعی، معاشی، تجارتی، سرمایہ کاری اور عوامی روابط شامل ہوں گے،ملاقات میں فیصلہ کیا گیا ترکیہ کا وزارتی وفد جلد پاکستان کا دورہ کرےگا۔

















