ایران کی پاک افغان کشیدگی میں کمی کیلئے تعاون کی پیشکش

اسلام آباد :(بیورورپورٹ)ایرانی وزیر خارجہ کا ڈار سے رابطہ، پاک افغان کشیدگی میں کمی کیلئے تعاون کی پیشکش کردی،دونوں رہنماﺅں نے ٹیلی فونک رابطے میں علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال،تعلقات کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔

عباس عراقچی نے پاکستان ،افغانستان کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مذاکرات جاری رکھنے ، اختلافات کے پرامن حل پر زور دیتے ہوئے کہاایران کشیدگی میں کمی اور خطے کے استحکام کےلئے ہر ممکن تعاون کیلئے تیار ہے۔

اسحاق ڈار نے ایرانی ہم منصب کو پاکستان ،افغان طالبان کے درمیان جاری مذاکرات پر بریفنگ دی،ایرانی وزیر خارجہ نے دونوں برادر، ہمسایہ ، مسلم ممالک کے دیرینہ دوستانہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ایران مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے اور مزید گہرا کرنے کا پختہ عزم رکھتا ہے،دونوں ممالک کو علاقے کے موثر ممالک کے تعاون سے اختلافات کے حل ،تناو میں کمی کےلئے مسلسل مذاکرات جاری رکھنے کی ضرورت ہے،اسحاق ڈار نے حالیہ مذاکرات و پیشرفت سے ایرانی ہم منصب کو آگاہ کیا اور خطے میں امن و استحکام برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔