برطانوی جنرل کی فیلڈ مارشل سے ملاقات، قربانیوں کا اعتراف

راولپنڈی:(بیورورپورٹ) برطانوی چیف آف جنرل سٹاف جنرل سر چارلس رولینڈ ونسنٹ واکر کی جی ایچ کیو آمد،فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی،باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی اور دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں رہنماوں نے خطے میں امن و استحکام کے قیام کےلئے مشترکہ تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا،دورے پر آئے معزز مہمان نے دہشت گردی کےخلاف جنگ میں پاک فوج کی قربانیوں اور کامیابیوں کو سراہا اور خطے میں امن و استحکام کےلئے پاکستان کے کردار کی تعریف کی۔

قبل ازیں جی ایچ کیو آمد پر جنرل چارلس واکر نے یادگار شہدا پر پھول چڑھائے،شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا، بعد ازاں پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔