پاکستان بنگلہ دیش دفاعی تعاون میں مثبت پیشرفت سے مطمئن


راولپنڈی :(بیورورپورٹ)جنرل ساحر شمشاد مرزا نے بنگلہ دیش کے آرمی ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا ،آرمی چیف جنرل وقارالزمان سے ملاقات کی،دونوں عسکری رہنماوں نے خطے و عالمی سلامتی کی بدلتی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال ، مسلح افواج کے مابین تعاون مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون میں مثبت پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا دونوں افواج کی اعلیٰ قیادت کے درمیان مختلف سطحوں پر دوروں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا،تربیت، مشترکہ مشقوں اور انسداد دہشتگردی تجربات کے تبادلے جیسے شعبوں میں باہمی اشتراک بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

ملاقات میں تشویش ظاہر کی گئی مختلف پلیٹ فارمز پر گمراہ کن اور تقسیم پیدا کرنے والی معلوماتی مہمات ابھرتا ہوا چیلنج بن چکی ہیں،دونوں فریقین نے اتفاق کیا خطرات سے نمٹنے کےلئے مشترکہ کوششوں و تعاون کو مزید موثر بنایا جائےگا۔