اسلام آباد:(بیورورپورٹ)بیوی کو طعنے دینا، نکاح میں زبردستی رکھنا اور گالیاں یا لغویات سمیت ذہنی اذیت دینا بھی تشدد ہے، سپریم کورٹ نے اہم فیصلہ سنادیا،جسٹس عائشہ ملک نے 17صفحات پر مشتمل فیصلہ تحریر کیا ،پشاور ہائی کورٹ،فیملی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دےدیا۔
سپریم کورٹ نے تحریری فیصلے میں لکھا عورت کی مرضی کے بغیر عدالت خلع نہیں دے سکتی، ازدواجی زندگی میں نفسیاتی اذیت جسمانی تشدد جتنی سنگین ہے، شوہر کی اجازت کے بغیر دوسری شادی تنسیخ نکاح کےلئے جائز بنیاد ہے،عدالتوں کو خواتین سے متعلق محتاط الفاظ استعمال کرنے چاہئیں ،پارلیمنٹ نے ظلم کی تعریف قانون میں بیان کرنے کی کوشش نہیں بلکہ مختلف مثالیں دےکر نوعیت و دائرہ کار کو واضح کیا ۔
تحریری فیصلے میں کہا گیا قانون میں دی گئی مثالیں حتمی نہیں بلکہ رہنمائی کےلئے وضاحت کے طور پر دی گئیں، عدالتوں کو گنجائش حاصل ہے ظلم کی مختلف صورتوں کو پہچان سکیں اور ظلم ثابت ہونے کی صورت میں انصاف کر یں،ظلم صرف جسمانی نقصان تک محدود نہیں بلکہ ایسا طرز عمل جو ذہنی یا جذباتی اذیت پہنچائے اور عورت کےلئے عزت و سلامتی کےساتھ گھر میں رہنا ناممکن بنا دے بھی ظلم کے زمرے میں آتا ہے۔
سپریم کورٹ نے کہاعدالتوں نے قرار دیاظلم الگ الگ حرکات پر مشتمل ہو سکتا ہے جو بظاہر ایک دوسرے سے جڑی نہ ہوں، مجموعی طور پر نقصان پہنچانا ، عورت کےلئے نکاح میں رہنا ناقابل برداشت بنانا بھی ظلم ہے،عدالتوں نے ظلم کی تعریف کو وسیع کرتے ہوئے کہا ظلم میں ذہنی اذیت ، گالم گلوچ یا جھوٹے الزامات لگانا بھی شامل ہے، جسمانی زخم شرط نہیں،ظلم ہر ایسے روئیے پر مشتمل ہو سکتا ہے جو عورت کو دکھ، مایوسی و اعتماد کی کمی سے دوچار کرے،اثرات تکلیف دہ ، شدید ہوں اور ازدواجی زندگی گزارنا ناممکن ہو جائے تو ظلم کہلائے گا۔
عدالت نے خاتون کی درخواست منظور کرتے ہوئے فیملی ،ایپلٹ کورٹ کے فیصلے ،ڈگریاں اور پشاور ہائی کورٹ کے حکم نامہ خلع، مہر و نان و نفقہ کی حد تک کالعدم قرار دےدیا،فیصلے میں مزید لکھا گیا نکاح کو اس بنیاد پر ختم کیا جاتا ہے کہ دوسری شادی ہوئی لہٰذا بیوی کو اپنا مہر واپس کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
بیوی کو طعنے ، نکاح میں زبردستی رکھنا ،ذہنی اذیت دینا تشدد ہے،سپریم کورٹ
















