جنگی مشق ’انڈس شیلڈ الفا“،پاکستانی لڑاکا طیاروں کی آذربائیجان تک نان سٹاپ فلائٹ

راولپنڈی (بیورو رپورٹ) پاک فضائیہ کا دستہ جدید ترین جے ایف17 تھنڈر بلاک تھری لڑاکا طیاروں اور ماہر فضائی و زمینی عملے کےساتھ دوطرفہ فضائی مشق انڈس شیلڈ الفا میں شرکت کےلئے آذربائیجان پہنچ گیا،آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستانی لڑاکا طیاروں نے آپریشنل صلاحیت اور استقامت کا شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان سے آذربائیجان تک بغیر رکے پرواز مکمل کی جس کے دوران فضا میں ایندھن کی فراہمی کا پیچیدہ عمل بھی بخوبی انجام دیا گیا، فضائی ری فیولنگ آپریشن پی اے ایف کے آئی ایل78 ٹینکر طیارے کے ذریعے انتہائی مہارت سے مکمل کیا گیا جس سے پاکستانی فضائیہ کے طیاروں کی طویل فاصلے تک کارروائی کی صلاحیت اور عملے کی پیشہ وارانہ مہارت کا بھرپور اظہار ہوا،مشق انڈس شیلڈ الفا کا مقصد دونوں برادر فضائی افواج کے درمیان باہمی سمجھ بوجھ، حکمت عملی میں ہم آہنگی اور اشتراکی صلاحیتوں کو فروغ دینا ہے، مشق میں جدید فضائی جنگی حربوں، مشترکہ منصوبہ بندی اور آپریشنل عمل کو موجودہ ٹیکنالوجی اور بدلتی فضائی قوت کے تناظر میں پرکھا جائے گا،مشق دونوں ممالک کی افواج کےلئے آپریشنل تجربات کے تبادلے، ابھرتے ہوئے فضائی دفاعی چیلنجز کے مقابلے میں مشترکہ ردعمل کی حکمت عملیوں کو مضبوط بنانے کا اہم موقع فراہم کرے گی،پاک فضائیہ کی مشق میں شمولیت علاقائی استحکام اور عالمی عسکری تعاون کے فروغ کے عزم کی عکاسی کرتی ہے، اس کے ساتھ یہ پاکستانی فضائیہ کے اس عزم کا بھی اظہار ہے کہ وہ جدید جنگی تقاضوں کے مطابق اپنی صلاحیتوں کو مسلسل بہتر بناتی رہے گی اور فضائی آپریشنز کے ہر شعبے میں اپنی روایتی برتری برقرار رکھے گی۔