طالبان نے بھارت کی شہ پر حملہ کیا، مجبوراًجوابی کارروائی کرنی پڑی،وزیراعظم

اسلام آباد:(بیورورپورٹ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے طالبان نے بھارت کی شہ پر پاکستان پر حملہ کیا، مجبوراً بھرپور جوابی کارروائی کرنی پڑی،افغانستان میں دہشتگردوں کو کھلی چھٹی ہے، حالیہ واقعات سے صبرکا پیمانہ لبریزہو گیا۔

وفاقی کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا بھائی چارے کے رشتے کوقائم ودائم رکھا،افغان دہشتگرد،پاک فوج،پولیس جوانوں اورعام شہریوں کو شہید کررہے ہیں،کئی بارافغان حکام کوسمجھانے کی کوشش کی گئی،افغانستان میں بسنے والے کروڑوں لوگ بھائی بہن ہیں، بدقسمتی سے چند دن قبل پاک افواج پرفتنہ الخوارج نے حملہ کیا،پاکستان ،افغانستان کی طویل مشترکہ سرحد ہے، محدود وسائل کے باوجود افغان مہاجرین کی بھرپور میزبانی کی،افغانستان میں دہشتگردوں کوکھلی چھٹی ہے، حالیہ واقعات سے صبرکا پیمانہ لبریزہو گیا۔

وزیراعظم نے کہا40لاکھ افغان شہری پاکستان میں دہائیوں سے مقیم ہیں، افغان جارحیت پرپاک فوج کوجواب دینا پڑا، نائب وزیراعظم،وزیردفاع ودیگرافسروں نے بارہا کابل کا دورہ کیا، افغان حکام سے کہا چاہتے ہیں خطے میں ترقی ،امن کا دوردورہ ہو،بدقسمتی سے تمام کاوشوں کے باوجود افغانستان نے امن کو ترجیح نہیں دی اورجارحیت کا راستہ اپنایا، پاکستان پرحملہ ہندوستان کی شہ پر ہوا، جب حملہ ہوا توافغانستان کے وزیرخارجہ دہلی میں بیٹھے تھے، افغان درخواست پر48گھنٹے کی عارضی جنگ بندی کا فیصلہ کیا ۔

شہبازشریف نے کہا افغانستان کےساتھ جائزشرائط پربات چیت کےلئے تیار ہیں، برادر ہمسایہ ملک سے کہا باہمی مشاورت ،تعاون سے امن کی فضا قائم کرنا چاہتے ہیں، دہشتگردوں کو کھلی چھٹی دینے کے باعث فتنے نے دوبارہ سر اٹھایا،افغان حکومت کی درخواست پر سیز فائرکیا، طویل مدتی امن کیلئے گیند اب کابل کے کورٹ میں ہے،غزہ میں سکولوں ،ہسپتالوں میں نومولود بچوں کوشہید کیا گیا،بچانے والا کوئی نہیں تھا؟جنگ بندی معاملے پر سیاست کرنا کہاں کا اسلام ،بھائی چارہ ہے؟،جنگ بندی سے غزہ میں خون ریزی کا سلسلہ ختم ہوگیا ،امریکی صدر ،اسلامی ملکوں نے کردارادا کیا۔

وزیراعظم نے کہا پاکستان کا مطالبہ روز اول سے یہی رہا فلسطینی ریاست قائم ،اقوام متحدہ قراردادوں کے مطابق حل نکلنا چاہیے،آئی ایم ایف کےساتھ سٹاف لیول معاہدہ ہو گیا، جلد ہی اگلی قسط ملے گی،آخری قرض پروگرام ہونا چاہیے۔

اجلاس میں وفاقی کابینہ نے دہشتگردی کی ہر شکل کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے عزم کا اظہار کیا ،وزیراعظم نے بیرونی دوروں، ملاقاتوں ،علاقائی صورتحال پر اعتماد میں لیا ،داخلی حالات، سکیورٹی چیلنجز ،بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی سفارتی کامیابیوں سے بھی آگاہ کیا،کابینہ نے افغانستان سے فتنہ الہندوستان کی شرانگیزیوں، خوارج کی کارروائیوں کاجائزہ لیا اور دہشتگردی کےخلاف جنگ میں شہیدجوانوں کو خراج عقیدت،شہدا کے اہلخانہ سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔