گرینڈ ایشین یونیورسٹی سیالکوٹ کو یو آئی گرین میٹرک کی نیشنل کوآرڈی نیٹر بننے کی دعوت

لاہور (ایجوکیشن رپورٹر) گرینڈ ایشین یونیورسٹی سیالکوٹ کو یو آئی گرین میٹرک ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ یونیورسٹی انڈونیشیا کی جانب سے پاکستان میں یونیورسٹیوں کیلئے نیشنل کوآرڈینیٹر کے طور پر خدمات انجام دینے کی باضابطہ دعوت موصول ہوئی ہے۔ یہ دعوت نامہ پروفیسر ڈاکٹر سید مجاہد کامران وائس چانسلر گرینڈ ایشین یونیورسٹی سیالکوٹ کے نام جاری کیا گیا جس پر پروفیسر ڈاکٹر رری فتری ساری، چیئرپرسن یو آئی گرین میٹرک کے دستخط ہیں۔ یہ قابل فخر موقع اس سال جی اے یو ایس میں منعقد ہونیوالی قومی ورکشاپ برائے یو آئی گرین میٹرک رینکنگ آف یونیورسٹیز اِن پاکستان کی کامیاب میزبانی کے نتیجے میں سامنے آیا جو مسٹر اسلام چیئرمین اور ڈاکٹر جہانزیب اسلام کی قیادت میں منعقد ہوئی تھی۔ نیشنل کوآرڈینیٹر کی حیثیت سے گرینڈ ایشین یونیورسٹی سیالکوٹ پاکستانی جامعات کی نمائندگی یو آئی گرین میٹرک کی بین الاقوامی سٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاسوں میں کریگی، قومی سطح کی ورکشاپس کا انعقاد کریگی اور پاکستان کی یونیورسٹیوں کو عالمی گرین میٹرک رینکنگ میں شمولیت کی ترغیب دے گی۔ یونیورسٹی رکن جامعات کے درمیان روابط کو مضبوط بنانے اور پائیدار ترقی و ماحولیاتی شعور کو فروغ دینے میں کلیدی کردار ادا کریگی۔ یہ کردار پاکستان کی جامعات کے مابین تعاون کو فروغ دینے اور ادارہ جاتی اقدامات کو اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف سے ہم آہنگ کرنے کیلئے نہایت اہم ثابت ہوگا۔ یو آئی گرین میٹرک نے اپنے پیغام میں یقین ظاہر کیا کہ جی اے یو ایس اپنی شراکت کے ذریعے پاکستان کے اعلیٰ تعلیمی شعبے میں پائیدار ترقی اور ماحولیاتی ذمہ داری کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کریگی۔ یہ دعوت گرینڈ ایشین یونیورسٹی سیالکوٹ کے بڑھتے ہوئے علمی وقار اور پائیدار ترقی کے عزم کا مظہر ہے، جو اسے ایک عالمی سطح پر ذمہ دار ادارہ بننے کے اپنے وژن کے قریب تر لاتی ہے۔