حکومت نئے سرکاری ہسپتالوں کا جال بچھارہی ہے: صوبائی وزیر صحت

لاہور (اپنے رپورٹر سے) صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق کی زیرصدارت محکمہ سپیشلائزڈہیلتھ کئیراینڈمیڈیکل ایجوکیشن میں نواز شریف میڈیکل ڈسٹرکٹ کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کے دوران نواز شریف میڈیکل ڈسٹرکٹ کے پراجیکٹ کا تفصیلی جائزہ لیاگیا۔صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق حکومت صحت کے شعبہ میں اربوں روپوں کے انقلابی اور تاریخی اقدامات اٹھارہی ہے۔نواز شریف میڈیکل ڈسٹرکٹ پراجیکٹ کے تحت لاہورمیں چلڈرن ہسپتال 2اینڈانسٹیٹیوٹ آف جنیٹک اینڈبلڈ ڈیزیزز، انسٹیٹیوٹ آف سرجیکل، آرتھوپیڈک اینڈمیڈیکل ری ہیبلی ٹیشن، سنٹرآف ایکسی لینس فارنرسنگ ایجوکیشن، سپیشلائزڈمیڈیکل ہسپتال، کارڈیک ہسپتال، میڈیکل یونیورسٹی اور اسٹیٹ آف دی آرٹ ڈائیگناسٹک لیب بنائی جائے گی۔آئی ڈیپ کو صحت کے تمام نئے پراجیکٹس پر تیزی سے کام شروع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ حکومت پنجاب صوبہ بھرمیں نئے سرکاری ہسپتالوں کا جال بچھارہی ہے۔عوام کو ان کی دہلیزپرصحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی وزیراعلیٰ پنجاب کی اوّلین ترجیح ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف چاہتی ہیں کہ عوام کو صحت کی سہولیات میں کسی قسم کی پریشانی کا سامنانہ کرناپڑے۔سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈہیلتھ کئیراینڈمیڈیکل ایجوکیشن عظمت محمود خان نے کہاکہ متعلقہ افسران نواز شریف میڈیکل ڈسٹرکٹ کے پراجیکٹ کو مسلسل مانیٹر کریں گے۔