پاک چین اہم معاہدے، سی پیک فیز2 کے تحت 5 نئی اقتصادی راہداریوں پر ملکر کام کرنے پر اتفاق


بیجنگ:(شنہوا) شہباز شریف کی چینی ہم منصب لی چیانگ سے ملاقات ،اہم معاہدوں ومفاہمتی یادداشتوں پر دستخط،5راہداریوں پر ملکر کام کرنے پر اتفاق ،وزیراعظم نے چین کے عالمی اقدامات کی بھرپور حمایت کااعادہ کیا۔

وزیراعظم دفتر سے جاری اعلامیے کے مطابق وفود کی سطح پر بات چیت کے بعد چینی وزیراعظم نے شہباز شریف کے اعزاز میں پروقار ظہرانہ دیا، ملاقات میںتعلقات کی مثبت رفتار پر اطمینان کا اظہار کیاگیا۔

وزیراعظم نے پاکستان کی علاقائی سالمیت، خودمختاری و سماجی و اقتصادی ترقی کےلئے غیر متزلزل حمایت پر چینی قیادت ،عوام کا شکریہ ادا کیا،صدر شی جن پنگ ،وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان 2 ستمبر کو ہونےوالی ملاقات کے فیصلوں کے تناظر میں دونوں ملکوں کے وزرائے اعظم نے ہمہ موسمی تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیاگیا،سائنس و ٹیکنالوجی ، آئی ٹی ، میڈیا ،زراعت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی مفاہمتی یادداشتوں و معاہدوں پر دستخط کیے گئے،دونوں رہنماﺅ ںنے جوائنٹ ایکشن پلان 29-2024 پر دستخط کو اہم سنگ میل قرار دیا۔

شہبازشریف نے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کی کامیاب میزبانی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا چین کے ترقیاتی ماڈل سے سیکھنا چاہتے ہیں،پاکستان کی اصلاحاتی کوششوں کے مثبت نتائج چین کی بھرپور حمایت سے ممکن ہوئے،جلد چینی کیپٹل مارکیٹ میں پانڈا بانڈز جاری کریں گے،سی پیک پاکستان کی ترقی کےلئے اہم ہے،قراقرم ہائی وے و ریلوے لائن ون کی بحالی ،گوادر پورٹ کو جلد فعال ہونا چاہیے،ملاقات میںدونوں ممالک نے سی پیک فیز2 کے تحت 5 نئی اقتصادی راہداریوں پر ملکر کام کرنے پر اتفاق کیا۔

وزیراعظم نے کہا بیجنگ میں منعقدہ سرمایہ کاری کانفرنس میں 300 پاکستانی ، 500 چینی کمپنیاں شریک ہوں گی، زراعت، کان کنی، ٹیکسٹائل، صنعت ،آئی ٹی ترجیحی شعبے ہیں،صدر شی جن پنگ کے عالمی اقدامات، گلوبل ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو، گلوبل سکیورٹی انیشی ایٹو اور گلوبل سولائزیشن انیشی ایٹو کی بھرپور حمایت کرتے ہیں،2026 میں پاک چین تعلقات کی 75ویں سالگرہ کوشاندار انداز میں منایاجائےگا۔

دریں اثنا دوسری پاکستان چین بزنس ٹو بزنس سرمایہ کاری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا بیجنگ کی ترقی رول ماڈل، چین کے سرمایہ کاروں کےلئے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں، بی ٹو بی کانفرنس پاکستان میں اربوں ڈالر سرمایہ کاری کا پیش خیمہ ثابت ہوگی،کانفرنس میں شرکت باعث افتخاراوردونوں ممالک کی مضبوط دوستی کی عکاس ہے،پاکستان ،چین کی دوستی باہمی احترام، اعتماد و تعاون پر مبنی ہے، چین نے ہمیشہ ہر مشکل وقت میں ساتھ دیا ،دونوں ممالک کے تعلقات دہائیوں پر محیط ہیں۔

شہباز شریف نے کہا صدر شی جن پنگ نے 2015 میں اسلام آباد کا دورہ کرکے سی پیک کی بنیاد رکھی ،35 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی،چین کے تعاون سے سی پیک کے علاوہ اورنج ٹرین و مختلف ڈیمز کی تعمیر ہوئی ، سی پیک کی بدولت پاکستان میں 3 سال کے عرصے میں توانائی بحران پر قابو پایا گیا،سی پیک کے باعث زراعت و صنعت کا شعبہ بحال ہوا، زراعت ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے ،پاکستان زراعت سمیت دیگر شعبوں میں چین کے تجربات و ٹیکنالوجی سے استفادہ کر رہا ہے۔

وزیراعظم نے کہا پاکستان آئی ٹی، مصنوعی ذہانت، کان کنی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کا خواہاں ہے،خصوصی اقتصادی زونز چین کے سرمایہ کاروں کےلئے پرکشش مواقع فراہم کرتے ہیں، چینی صنعتوں کی پاکستان منتقلی سے سستی لیبر سمیت دیگر سہولتیں میسر ہوں گی، پاکستان، چین کےساتھ سی پیک کے دوسرے مرحلے میں تعاون چاہتا ہے،معیشت درست سمت گامزن ہے ،سی پیک سے دونوں ملکوں کے تعلقات کو نئی جہت ملی ،پاکستان میں چینی شہریوں کی حفاظت ترجیح ہے اور سکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

شہباز شریف نے کہا چین دنیا کی دوسری بڑی معیشت ہے ،گزشتہ پریڈ میں چین کی عسکری برتری دنیا پر عیاں ہوئی،پاکستان ،چین کے درمیان 21 مختلف شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں کے تبادلے ہوئے، مفاہمتی یادداشتوں ، معاہدوں کے تحت 4.2 ارب ڈالرکی سرمایہ کاری ہوگی،سرمایہ کاروں کے درمیان مفاہمتی یادداشتوں کا تبادلہ خوش آئند ہے، پیٹروکیمیکل، آئرن، شمسی توانائی شعبے میں تعاون کو فروغ دیا جائے گا،معاہدوں سے دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کو فروغ ملے گا۔

وزیراعظم نے ایس آئی ایف سی، سرمایہ کاری بورڈ سمیت متعلقہ اداروں کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہاکاروباری برادری کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون لائق تحسین ہے، یقین ہے اپنے اہداف حاصل کرنے میں کامیاب ہوں گے، کانفرنس اقتصادی ترقی کا لانگ مارچ ثابت ہوگی،چین پاکستان کا دوسرا گھر ہے، پاکستان میں سرمایہ کاری سے معیشت مضبوط ، روزگار کے مواقع میسر آئیں گے،اقتصادی ترقی کا لانگ مارچ اپنی منزل پر پہنچ کر دم لے گا، پختہ عزم و انتھک محنت سے اپنے اہداف جلد سے جلد حاصل کریں گے۔