چینی ادارے پاکستان کو اپنی ترجیحی سرمایہ کاری کی منزل سمجھیں،شہبازشریف

بیجنگ:(شنہوا)وزیراعظم شہبازشریف نے اعلیٰ چینی کاروباری شخصیات کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دےدی۔

شہباز شریف نے دونوں ممالک کے درمیان بی ٹو بی سرمایہ کاری کے فروغ کےلئے چین کی اعلیٰ کاروباری شخصیات سے ملاقاتیں کیں ،ٹیکسٹائل، انفارمیشن ٹیکنالوجی، زراعت، صنعت، کان کنی ، معدنیات، سڑک و ڈیجیٹل رابطے، ای کامرس اور خلائی ٹیکنالوجیز سمیت دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر توجہ مرکوز کی گئی۔

ملاقاتوں کے دوران وزیراعظم نے معیشت مستحکم اور مضبوط بنانے کےلئے حکومت کی جانب سے کیے گئے جامع اصلاحاتی اقدامات کا ذکر کیا، سرمایہ کاروں کےلئے ٹیکس مراعات، چینی شہریوں کےلئے آسان ویزا پالیسیاں ،سفر و کاروبار میں آسانی کےلئے بڑے ہوائی اڈوں پر مخصوص بوتھس کا قیام شامل ہے،شہبازشریف نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے ذریعے معاشی ترقی کےلئے پاکستان کے عزم کو مزید اجاگر کیا جو سرمایہ کاری تیز ، رکاوٹوں کو دور کرنے اور بی ٹو بی تعاون کو مضبوط بنانے کےلئے اہم پلیٹ فارم کے طور پر ابھرا ۔

وزیراعظم نے کہاصنعتی تعاون پاکستان ،چین کے اقتصادی تعاون کا بنیادی ستون اور سی پیک کے دوسرے مرحلے میں اعلیٰ معیار کی ترقی کا اہم ستون ہے،چینی ادارے صنعتوں کو خصوصی اقتصادی زونز میں منتقل کرنے کےلئے پاکستان کو اپنی ترجیحی سرمایہ کاری کی منزل سمجھیں،پاکستان ہنرمند و کم لاگت افرادی قوت، صنعتی پیداوار میں مسابقت کےلئے کم لاگت خام مال کی فراہمی اور علاقائی و عالمی منڈیوں سے سٹریٹجک رابطے کےساتھ منفرد تقابلی فائدہ پیش کرتا ہے۔

شہباز شریف نے چینی کاروباری شخصیات کو یقین دلایا پاکستان سازگار کاروباری ماحول فراہم کرنے اور صنعتی شراکت داری کو آسان بنانے کےلئے پرعزم ہے،چینی سرمایہ کاری میں اضافہ نہ صرف اقتصادی ترقی و روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں معاون ،علاقائی ترقی، جدت اور مشترکہ خوشحالی کے محرک کے طور پر CPEC کے ویژن کو تقویت دے گا۔

قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے بیجنگ میں آنڑن ہسپتال کا دورہ کیا اور موثر نظام ، جدید ٹیکنالوجی و بہترین خدمات کی فراہمی کو سراہا،نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی ،وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال، وزیر خزانہ اورنگزیب، وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ ،اعلیٰ افسر بھی ہمراہ تھے، وزیراعظم کوہسپتال میں دستیاب سہولیات پربریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم نے ہسپتال میں دستیاب سہولیات کا معائنہ کیا ،موثر نظام، جدید ٹیکنالوجی ،بہترین خدمات کی فراہمی پر انتظامیہ کی تعریف کی،شہبازشریف نے وزیر داخلہ محسن نقوی کو اسلام آباد میں زیر تعمیر منصوبوں ، وزارت صحت کو اسلام آباد میں زیر تعمیر جناح میڈیکل کمپلیکس و دیگر ہسپتالوں میں آنڑن ہسپتال کی طرز پر سادہ، مضبوط اور پائیدار انفراسٹرکچر قائم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا پاکستان میں زیر تعمیر ہسپتالوں میں چین کی طرز پر معیاری سہولیات کی فراہمی کو ترجیح دی جائے،دورے کے دوران وزیراعظم کو ہسپتال میں دستیاب صحت کی سہولیات ،موثر انتظام کےلئے موجود روبوٹس و دیگر جدید ٹیکنالوجی کا معائنہ کرایا گیا۔