لاہور،بہاولنگر،بہاولپور،ملتان:(اپنے رپورٹر سے،نمائندگان)بھارت نے ستلج میں مزید پانی چھوڑ دیا،9 اضلاع میں ہائی الرٹ،سیلاب جنوبی پنجاب میں داخل،صورتحال سنگین،ڈی جی پی ڈی ایم اے نے چند گھنٹے اہم قراردےدئیے۔
تباہی پھیلاتا سیلاب جنوبی پنجاب میں داخل ہونے پر ہیڈ محمد والا ٹریفک کیلئے بند، بہاولنگر میں چاویکا بند ٹوٹ گیا،متعدد بستیاں پانی کی لپیٹ میں آگئیں،مین شاہراہ کازمینی رابطہ منقطع ہوگیا،ادھر بھارت نے پاکستان کو انڈس واٹر کمیشن کی بجائے غلط طریقے سے ستلج میں اونچے درجے کے سیلاب سے آگاہ کیا۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق گنڈا سنگھ والا کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب برقرار رہے گا ،4 سے 5 ستمبر کے دوران دریائے چناب میں پنجند کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب ہوگا،24 گھنٹوں میں راولپنڈی، سرگودھا، گوجرانوالہ، لاہور، ساہیوال، ملتان، ڈیرہ غازی خان، فیصل آباد اور بہاولپور ڈویژن میں اربن فلڈنگ کا بھی خدشہ ہے،بھارت کی جانب سے دریائے ستلج میں مزید پانی چھوڑا گیا،ہریکے اور فیروز پور پر اونچے درجے کا سیلاب آ سکتا ہے۔
ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے کہا 5 ستمبر تک پنجاب کے دریاوں راوی، ستلج اور چناب میں انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ، بالائی علاقوں میں بارشوں کے باعث دریاو¿ں کے بہاو¿ میں غیر معمولی اضافے کا خدشہ ہے،وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر تمام متعلقہ محکمے الرٹ ، شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کے ڈی جی عرفان علی کاٹھیا نے کہاچند گھنٹے اہم ہیں،پنجاب کے دریاوں میں ابھی بھی سیلابی صورتحال کا سامنا ہے، صوبے کے مختلف مقامات پر سیلابی صورتحال کے پیش نظر شہری آبادیوں کو بچانے کےلئے بند میں شگاف ڈالے جا سکتے ہیں،سیلاب سے اموات 41 ، 3243 موضع جات شدید متاثر ،مختلف مقامات پر 395 ریلیف کیمپ لگائے گئے۔
عرفان کاٹھیا نے کہاملتان میں دریائے چناب کے مقام ہیڈ محمد والا پر 4 لاکھ 50ہزار کیوسک کا بڑا سیلابی ریلہ داخل ہو گیا، ضلعی انتظامیہ و سکیورٹی اداروں کے افسروں نے فوری بریچنگ کا فیصلہ کیا، سیلابی ریلے کے باعث جھوک وینس سے لےکر ہیڈ محمد والا تک کے سینکڑوں دیہات زیر آب آ گئے ،مکینوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا ،دریائے چناب کے قریب واقع بند بوسن میں سیلابی صورتحال خطرناک حد تک شدت اختیار کر گئی ، پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، نشیبی علاقوں میں پانی داخل ہونا شروع ہو گیا ۔
ذرائع کے مطابق سندھ سے اگلے 48 سے 72 گھنٹے بعد 13 لاکھ کیوسک کا ریلا گزرنے کا امکان ہے،دوسری جانب میئر سکھر، ترجمان سندھ حکومت ارسلان اسلام شیخ نے کشتی پر دریائے سندھ میں سیلاب کا جائزہ لیا، میئر سکھر کے مطابق 4 ستمبر کو بڑا ریلا سندھ میں داخل ہوگا ،تیاریاں کر رکھی ہےں، صوبے کے کسی بیراج کو سیلابی صورت حال سے کوئی خطرہ نہیں ۔
سیلاب جنوبی پنجاب میں داخل،صورتحال سنگین،متعدد بستیاں زیر آب،نقل مکانی

















