نو مئی مقدمات میں نااہلی پانے والے ارکان کو پی ٹی آئی اپنا حقیقی نمائندہ سمجھتی ہے، اعلامیہ

اسلام آباد (مشرق نیوز) تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔اعلامیہ کے مطابق سیاسی معاملات مزید مشاورت کیلئے سیاسی کمیٹی کے سپرد کردئیے گئے۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ توشہ خانہ ٹرائل کی اڈیالہ جیل میں روزانہ سماعت پر گہری تشویش ہے، روزانہ سماعت سے ملزمان کے بنیادی حقوق متاثر ہوں گے، انصاف کی فراہمی میں رکاوٹ روزانہ سماعت سے پیدا ہوگی۔

پی ٹی آئی نے اعلامیہ میں کہا ہے کہ 9 مئی کے مقدمات میں نااہلی پانے والے ارکان کو پی ٹی آئی اپنا حقیقی نمائندہ سمجھتی ہے، نااہل ارکان کے حلقوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات کا بائیکاٹ کیا جائیگا، ناحق سزائیں پانے والے اراکین کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ لاہور کے حلقہ این اے 129 پر انتخاب میں حصہ لیا جائے گا، میاں اظہر کی وفات کے بعد خالی ہونے والی نشست پر امیدوار کھڑا کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر قومی اسمبلی کی پبلک اکاونٹس کمیٹی سے استعفے کا اعلان کیا گیا ہے کہ اور سٹینڈنگ کمیٹیوں کی چیئرمین شپ اور رکنیت سے بھی فوری استعفوں کی ہدایت دی گئی ہے۔