لاہور (اپنے نمائندے سے) وفاقی وزیرریلوے حنیف عباسی نے تمام انجنوں میں ایونٹ ریکارڈ کی موجودگی لازمی بنانے کی ہدایت کردی۔ وفاقی وزیر حنیف عباسی کی زیر صدارت ریلوے ہیڈ کوارٹر میں اہم اجلاس ہوا جس میں سی ای او ریلوے عامر علی بلوچ سمیت شعبہ مکینیکل کے افسران نے شرکت کی ۔حنیف عباسی نے کہاکہ شعبہ مکینیکل کو اپ لفٹ کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے،رولنگ سٹاک ریلوے کی جان ہے اس میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ،کوئی چیز انڈر کارپٹ نہ کی جائے ،رات دن محنت کرنا ہوگی ،تھرڈ پارٹی ایویلیوایشن کے بغیر کوئی پرزہ نہ خریدا جائے۔ انہوںنے کہا کہ ٹرینوں میں عالمی معیار کے موبائل چارجنگ پورٹس لگائے جائیں، پنکھوں اور لائٹس کے معیار پر سمجھوتہ نہ کیا جائے،ریلوے ہیڈ کوارٹر میں سات دن اور وزارت میں تین دن سے زائد فائل نہیں رکنی چاہیے،تمام انجنوں میں ایونٹ ریکارڈر کی موجودگی لازم بنائی جائے۔ دوسری طرف پاکستان ریلوے نے کراچی سے لاہور کے درمیان تیز رفتار بلٹ ٹرین چلانے کا اعلان کیا ہے۔ ایک رپورٹ میں وزیر ریلوے حنیف عباسی کا حوالے دیتے ہوئے بتایا کہ پاکستان ریلوے سال 2030 تک کراچی سے لاہور کے درمیان تیز رفتار بلٹ ٹرین چلانے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ رپورٹ کے مطابق حنیف عباسی نے بتایا کہ 1215 کلومیٹر طویل ہائی سپیڈ ریل لائن سی پیک منصوبے کے تحت 6.8 ارب ڈالر کی لاگت سے اپ گریڈ ہونے والی کراچی سے پشاور مین لائن ون (ML-1) کا حصہ ہوگی۔ کراچی سے لاہور کے درمیان چلنے والی یہ ٹرین 250 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے سفر کرے گی جب کہ حیدرآباد، ملتان اور ساہیوال میں اس ٹرین کے اسٹاپ ہونگے۔ رپورٹ کے مطابق منصوبے کو چین کی مدد سے مکمل کیا جائے گا اور اس میں چائنا ریلوے کنسٹرکشن کارپوریشن بھی شامل ہوگی جب کہ منصوبے کے تحت ریلوے کے ڈبل ٹریک کو اپ گریڈ کیا جائے گا، نئے پلوں کی تعمیر ہوگی اور جدید سگنل سسٹم کا نظام بھی لگایا جائے گا۔ خیال رہے کہ اس سے قبل یہ خبر بھی سامنے آئی تھی کہ ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے کراچی سے روہڑی تک ریلوے لائن کی اپ گریڈیشن کیلئے 2 ارب ڈالر کی فنانسنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
انجنوں میں ایونٹ ریکارڈ کی موجودگی لازمی بنائی جائے : وزیر ریلوے، کراچی سے لاہور بلٹ ٹرین چلانے کا منصوبہ
















