اقتصادی سفارتکاری پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے : چیئرمین سینٹ

اسلا م آباد (بیورو رپورٹ)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر جمال بکر عبداللہ نے منگل کو یہاں اہم ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری، ماحولیاتی تعاون سمیت علاقائی و عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر چیئرمین سینیٹ، سینیٹرز اور ایتھوپیا کے سفیر نے پارلیمنٹ ہاو¿س کے فرینڈشپ گارڈن میں شجرکاری مہم کے سلسلے میں ایک پودا بھی لگایا۔سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے اس امر پر زور دیا کہ پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان دیرینہ اور تاریخی تعلقات ہیں۔ انہوں نے اسلام آباد میں ایتھوپیا کے سفارتخانے کے قیام اور کراچی سے ادیس ابابا تک ایتھوپین ایئرلائنز کی براہ راست پروازوں کے آغاز کو دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم سنگ میل قرار دیا۔ انہوں نے ایئر سروسز معاہدے کی جلد تکمیل پر بھی زور دیا تاکہ تجارت اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع کھل سکیں۔سید یوسف رضا گیلانی نے پاکستان کی جانب سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل (2025-26) کی غیر مستقل رکنیت کے لئے حمایت پر ایتھوپیا کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ علاقائی اور عالمی سطح پر دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعاون نے ہمیشہ باہمی تعلقات کو مزید مستحکم کیا ہے،پارلیمانی سفارتکاری کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے پاکستان، ایتھوپیا پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کی سرگرمیوں کا ذکر کیا اور پارلیمانی وفود اور عوامی روابط کے مزید فروغ پر زور دیا۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ اقتصادی سفارتکاری پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے اور دو طرفہ تجارت میں تنوع پیدا کرنے کے لئے مزید کوششوں کی ضرورت ہے۔