متاثرہ علاقوں کی بحالی کیلئے صوبوں کیساتھ ملکر کام کر رہے ہیں، مصدق ملک

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی رابطہ ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے کلاﺅڈ برسٹ کی صورتحال پیدا ہو رہی ہے، متاثرہ علاقوں میں انفراسٹرکچر کی بحالی کےلئے بلا تفریق صوبوں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں، متاثرین کے نقصانات کے ازالے کےلئے بھرپور کوششیں کریں گے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا سب سے پہلے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کرتا ہوں ، اس نقصان کا تو کوئی ازالہ نہیں کر سکتا لیکن وفاقی حکومت متاثرین کی مدد کی بھرپور کوشش کرے گی، جہاں جہاں نقصانات ہو رہے ہیں وہاں وفاقی حکومت پہنچے اور ان کے ورثا کو جن کا جانی و مالی نقصان ہوا ہے ، ان کی بحالی کےلئے صوبائی حکومتوں سے ساتھ مل کر بلا تفریق کام کریں، اس وقت ملک کو ایک آفت کا سامنا ہے جس کے لئے مل کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا عالمی سطح پر جو دہرے معیار ہیں ،انہیں بھی عیاں کر رہے ہیں ، ماحول کو نقصان پہنچانے والی کاربن گیسوں کے اخراج میں ہمارا حصہ دنیا کے مقابلے میں بہت کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ این ڈی ایم اے کے تعاون سے مربوط حکمت عملی سامنے لا رہے ہیں تاکہ وقت سے پہلے لوگوں کو آگاہی دی جائے ، صوبائی حکومتوں سے درخواست ہے کہ برساتی نالوں کے قریب سے آبادیوں کو وہاں سے ہٹایا جائے اور محفوط مقامات پر منتقل کیا جائے ، جس کے لئے وفاقی حکومت تعاون کے لئے تیار ہے۔