یوم آزادی پر بلوچستان میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا: سرفراز بگٹی

کوئٹہ (مشرق نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں دہشت گردی کی بڑی سازش ناکام بنا دی گئی جس میں یونیورسٹی کا لیکچرار سہولت کاری کر رہا تھا، یوم آزادی پر بچوں کو نشانہ بنانا چاہتے تھے۔کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان نے بتایا کہ دہشت گردوں نے 14اگست پر ان بچوں کو نشانہ بنانا تھا جو جشن آزادی منارہے تھے، سکیورٹی فورسز نے یوم آزادی پر تباہی کے بڑے منصوبے کو ناکام بنایا، اس سے پہلے ریلوے سٹیشن پر جو خودکش حملہ ہوا اس میں 32قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا تھا، یہ لیکچرار خودکش بمبار کو خود ریلوے سٹیشن چھوڑ کر آیا۔انہوں نے کہا میں بہت سالوں سے کہہ رہا ہوں منظم انداز میں پاکستان کو توڑنے کی سازش کی جارہی ہے، ہم کب تک کنفیوژن کا شکار رہیں گے، ہمیں اپنی سوسائٹی کو اس کنفیوژن سے نکالنا ہے، ہم نہیں چاہتے کہ کسی کا گناہ کسی اورکو ملے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ لوگ خودکش حملہ آور تیار کرتے ہیں اورپہاڑوں پر بھی بھیجتے ہیں، شک کی بنیاد پر گرفتار فرد کو فورتھ شیڈول میں ڈالا جاتا ہے، ہم نے دو سے اڑھائی ہزار ریاست کے ملازمین کی تحقیقات کی ہیں۔وزیراعلیٰ بلوچستان نے دو ٹوک کہا کہ یہ نہیں ہوسکتا کہ 2ہزار لوگ 25کروڑ کا ملک توڑ دیں، لوگ کہتے ہیں بلوچستان میں 70سال سے طاقت کا استعمال ہورہا ہے، بتائیں طاقت کا استعمال کہاں ہوا ہے؟ گرفتار ہونے والا پروفیسر کہاں سے محروم ہے؟ مالاکنڈ اوروزیرستان پورے کا پورا خالی کرایا گیا، ہم بلوچستان کا کوئی علاقہ خالی نہیں کرا رہے۔انہوں نے انکشاف کیا ہماری تحقیقات یہ ثابت کرتی ہیں کہ خواتین کو بلیک میل کرکے دہشتگرد بنایا جارہا ہے، بلوچستان میں مسنگ پرسنز کا نام لیکر پروپیگنڈا کیا جاتا ہے، کیا صرف بلوچستان میں مسنگ پرسن کا مسئلہ ہے؟میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ جس شخص نے بات کرنی ہے ہمارے دروازے کھلے ہیں مذاکرات کرنا چاہتے ہیں تو اس سے خوبصورت بات کیا ہوسکتی ہے، کوئی مذاکرات نہیں کرنا چاہتا تو اس کو لوگوں کو مارنے کی بالکل اجازت نہیں دی جاسکتی۔ ہم دہشتگرد نہیں، ہم ریاست ہیں، ہم ذمہ دار ریاست کا کرداراداکررہے ہیں، دہشت گردوں کو ہم نے علیحدہ کردیا ہے، ہمیں مظلوم کے ساتھ کھڑا ہونا ہے۔بلوچستان میں محرومی کے نام پر پھیلائے جانے والے پروپیگنڈے کو سازش قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے عوام سے کہا کہ وہ محتاط رہیں اور گمراہ عناصر کی حمایت نہ کریں، والدین کو ہدایت کی گئی کہ اپنے بچوں پر کڑی نظر رکھیں۔