لاہور (اپنے رپورٹر سے) صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے فولو اپ دورہ کرنے جناح ہسپتال لاہور پہنچ گئے۔اس موقع پر سپیشل سیکرٹری آپریشنز محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن طارق محمود رحمانی اور چیئرمین وزیراعلیٰ پنجاب ایڈوائزری کمیٹی برائے امراض قلب ڈاکٹر فرقد عالمگیر بھی ہمراہ تھے۔صوبائی وزیر صحت نے مریضوں کی آسانی کیلئے پرچی کاونٹرزبڑھانے، کیو مینجمنٹ سسٹم اور ون پیشنٹ ون اٹینڈنٹ کے اصول کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ۔دورہ کے دوران صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے غفلت برتنے پر اے ایم ایس جناح ہسپتال کو معطل کر دیا۔صوبائی وزیر نے مختلف وارڈزکادورہ کیا اور صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔اس موقع پر پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج پروفیسر طیبہ وسیم اور ایم ایس جناح ہسپتال ڈاکٹرسیدمحسن علی شاہ بھی موجود تھے۔صوبائی وزیرنے مریضوں سے ملاقات کی اور طبی سہولیات کے معیار کے بارے میں دریافت کیا۔بعدازاں صوبائی وزیر صحت نے ایمرجنسی،گائنی ایمرجنسی،ریڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ،الٹراساونڈ،او پی ڈی ودیگرکاونٹرزکا بھی دورہ کیا۔صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کیلئے آسانیاں پیداکرنے کیلئے کوشاں ہیں۔ہسپتالوں میں بہترین طبی سہولیات کی بلا تعطل فراہمی کیلئے مریضوں کے ہمراہ صرف ایک ہی اٹینڈنٹ کی اجازت ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ ہسپتالوں میں ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایاجارہاہے۔ہسپتالوں میں مریضوں کا بہترین علاج و معالجہ اوّلین ترجیح ہے۔مریضوں کے علاج و معالجہ میں کسی قسم کی غفلت ناقابل برداشت ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت پنجاب صحت کے شعبہ میں بہتری کیلئے تاریخی اور انقلابی اقدامات اٹھارہی ہے۔حکومت عوام کو گھر کی دہلیز پر صحت کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کیلئے پر عزم ہے۔
سلمان رفیق کادورہ جناح ہسپتال،غفلت برتنے پر اے ایم ایس معطل

















