بیٹوں کو پاکستان آنے پر گرفتار کرنے کی دھمکیاں مل رہی ہیں،جمائمہ

لندن،اسلام آباد :(مشرق نیوز)بانی پی ٹی آئی کی سابق اہلیہ جمائما گولڈ سمتھ نے کہا ہے بیٹوں قاسم خان اور سلیمان خان کو پاکستان آنے پر گرفتار کرنے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔

جمائما نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا میرے بچوں کو اپنے والد عمران خان سے فون پر بات کرنے کی اجازت نہیں دی جاتی، سابق شوہر قریب 2 سال سے جیل میں تنہائی کی صعوبتیں برداشت کر رہے ہیں، پاکستانی حکومت کا کہنا ہے اگربیٹے ملنے آئیں گے تو گرفتار کرلیا جائے گا یہ کسی جمہوریت یا فعال ریاست میں نہیں ہوتا، سیاست نہیںذاتی انتقام ہے۔

دوسری جانب عمران خان کے بیٹے قاسم خان نے ٹوئٹ میں لکھا والد عمران خان نے اب 700 دن سے زائد عرصہ جیل میں گزار دیا ہے جن میں سے زیادہ تر وقت انہیں تنہائی میں رکھا گیا، انہیں اپنے وکلا تک رسائی نہیں دی جاتی، نہ ہی خاندان سے ملاقات کی اجازت ہے۔

ادھر ن لیگی سینیٹرعرفان صدیقی نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا بانی پی ٹی آئی کو بچے اوربہنیں رہائی نہیں دلوا سکتے، عمران خان کی رہائی خود ان پر منحصر ہے، عمران خان اپنے بچوں کو سیاست میں لانا چاہتے ہیں، بچے ضرور پاکستان آئیں، تحریک چلانا چاہتے ہیں تو چلائیں،عمران خان کے بچے قانون کے دائرے میں رہ کر کام کریں تو اعتراض نہیں، بچوں کے آنے سے کوئی طوفان نہیں آئے گا۔