امت مسلمہ اتحاد، یکجہتی سے منافرت پیدا کرنے والوں کو ناکام بنائے: احسن اقبال

نارووال (بیورو رپورٹ) وفاقی وزیرمنصوبہ بندی،ترقی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ امت مسلمہ اتحاد اور یکجہتی سے منافرت پیدا کرنے والوں کو ناکام بنائے ،ہم سب بحیثیت مسلمان بحیثیت پاکستانی ایک ہیں اور ہم ملکر پاکستان کو مضبوط بنائیں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم عاشور پر مرکزی جلوس کی سکیورٹی کے انتظامات کا جائزہ لینے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرڈپٹی کمشنرسیدحسن رضا،ڈی پی او ملک نوید،اسسٹنٹ کمشنر اقبال اکرم و دیگر بھی موجودتھے۔احسن اقبال نے یوم عاشورکے حوالے سے کہاکہ10محرم الحرام پورے عالم اسلام کیلئے ایک بہت مقدس دن ہے، اس دن نواسہ رسول حضرت امام حسینؓ نے اصولوں کیلئے اور نظریات کے خاطرحق اور سچ کیلئے اپنی اور اپنے خاندان سمیت اپنے ساتھیوں کی قربانی دے کر ایک عظیم مثال قائم کی ہے،ہمارے لئے اس دن کا پیغام ہے کہ ہم حق اور سچ کا ساتھ دینے کیلئے بڑی سے بڑی قربانی دینے سے بھی گریزنہ کریں،آج امت مسلمہ کو جو چیلنجز درپیش ہیں ان کا تقاضا ہے کہ ہم حضرت امام حسینؓ کی اس مثال سے سبق حاصل کریں ،اپنی صفوں کے اندر اتحاد اور یگانگت پیدا کرتے ہوئے ان خطرات کا مقابلہ کرنے کیلئے جو امت مسلمہ میں انتشار پیدا کر کے تقسیم پیدا کر کے ہمیں کمزور کرنا چاہتی ہیں۔ پوری امت مسلمہ اپنے اتحاد کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کسی قسم کی تقسیم اور منافرت پیدا کرنے والوں کو ناکام بنائیں اوردشمن کوکبھی بھی موقع نہ دیں کہ وہ ہماری صفوں میں کسی قسم کا انتشار پیدا کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ نارووال کے اندر وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر جس انداز میں مقامی انتظامیہ نے بہترین انتظامات کیے ہیں عاشورہ کے موقع پر میں انتظامیہ کو بھی مبارکباد دیتا ہوں اور بلاشبہ یہ ثبوت ہے ہمارے علاقے کیلئے اتحاد یکجہتی کا کہ اس میں تمام مسالک کے لوگ آج یوم عاشورہ پر یکجہتی کیلئے یہاں پر جمع ہیں، اس میں کوئی فرق نہیں ہے کون کس مسلک کے ساتھ تعلق رکھتا ہے ہم سب بحیثیت مسلمان بحیثیت پاکستانی ایک ہے اور ہم مل کر انشااللہ تعالی پاکستان کو مضبوط بنائیں گے ،میں ایک بار پھر وزیراعلی پنجاب کو ان کی ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں کہ انہوں نے پورے پنجاب میں بہترین اپنے عامہ قائم رکھنے کیلئے انتظامات یقینی بنائے۔