بلوں سے ٹی وی فیس ختم، بجلی چوری بڑا چیلنج ہے،وزیراعظم

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)عوام کیلئے اچھی خبر،بجلی بلوں سے ٹی وی فیس ختم ،وزیراعظم شہباز شریف نے’ ’اپنا میٹر، اپنی ریڈنگ“ کے تحت سمارٹ ایپ کا باقاعدہ افتتاح کردیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہاموبائل ایپ پاور ڈویژن کے انقلابی اقدامات کا حصہ ہے، اقدام کا باضابطہ اجرا قابل اطمینان ہے،500 ارب کی سالانہ بجلی چوری بڑا چیلنج ہے، وزارت توانائی میں بے پناہ اصلاحات ہوئیں ابھی مزید سفر طے کرنا ہے،بجلی کی قیمتیں کم کرنے میں وزیر پاور کی بڑی محنت شامل ہے،کرپٹ مافیا کےخلاف سخت اقدامات، آئی پی پیز کےساتھ شفاف طریقے سے مذاکرات کیے، وزارت پاور نے بینکوں کےساتھ مذاکرات کرکے گردشی قرضے کو سیٹل کیا، تیل قیمتیں کم ہوئیں تو ساڑھے 7 روپے بجلی کی قیمتیں کم کرکے عوام کو ریلیف دیا ، انتھک محنت سے نرخ کم کرنے میں کامیاب رہے۔

شہباز شریف نے کہا بل میں سے ٹیلی ویژن فیس ختم کرنے کا اعلان کرتا ہوں، بجلی کی قیمتیں کم کرنے کیلئے مزید اقدامات کر رہے ہیں، ملک میں سولرائزیشن کی حوصلہ شکنی نہیں کروں گا، دل کی گہرائیوں سے سولرائزیشن کو سراہتا ہوں،اپنا میٹر اپنی ریڈنگ کا اصل فائدہ عام صارف کو ہے، انقلابی ٹیکنالوجی ریفارم ہے، چاہوں گا’ ’اپنا میٹر اپنی ریڈنگ ایپ“ کو پشاور سے کراچی تک گھر گھر متعارف کرائیں، وزیر توانائی ایپ میں مزید جدت پیدا کریں،ایپلی کیشن کو 5 زبانوں میں متعارت کرایا جانا بہت بڑی قومی خدمت ہے۔

وزیراعظم نے کہا شمسی توانائی دنیا میں سستی ترین بجلی حاصل کرنے کا ذریعہ ہے اور پاکستان برق رفتاری سے سولرائزیشن والے چند ممالک میں شمار ہوتا ہے،حکومتی اداروں میں بجلی پیداکرنے کی کم کھپت کا حل ڈھونڈنا ہے تاکہ پاکستان میں خوشحالی کا سفر تیزی سے طے ہو،صارفین کے حقوق کاتحفظ کرینگے۔

وزیرتوانائی اویس لغاری نے کہا بجلی شعبے میں شفافیت کو یقینی بنانا ہے، اوور بلنگ جیسے مسائل پر قابوپانے کےلئے اقدامات کیے ، 110 ارب عوام کو واپس کیے گئے