امریکی حملے عالمی قوانین کی خلاف ورزی، ایران کو دفاع کا حق حاصل ہے،پاکستان

اسلام آباد،استنبول:(بیورورپورٹ،مشرق نیوز)پاکستان نے کہاہے امریکی حملے بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہیں ،ایران دفاع کا حق رکھتا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہاایرانی جوہری تنصیبات پر امریکی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہیں،ایران کو اقوام متحدہ چارٹر کے تحت اپنے دفاع کا حق حاصل ہے، خطے میں کشیدگی ،تشدد میں اضافہ انتہائی تشویشناک ہے،مزید کشیدگی کے سنگین علاقائی و عالمی اثرات ہو سکتے ہیں، شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔

دفتر خارجہ نے کہاتمام فریقین بین الاقوامی انسانی قانون کی پاسداری کریں، بحران کا واحد حل اقوام متحدہ منشور کے مطابق مذاکرات ،سفارتکاری ہے،ایک بار پھر دہراتے ہیںامریکی حملے بین الاقوامی قانون کے تمام اصولوں کی خلاف ورزی ہیں اور ایران کو اپنا دفاع کرنے کا جائز حق حاصل ہے، ایران کےخلاف جاری جارحیت کے باعث کشیدگی و تشدد میں اضافے کی مثال نہیں ملتی، کسی بھی مزید کشیدگی کے خطے اور باہر انتہائی نقصان دہ اثرات مرتب ہوں گے۔