نائب وزیراعظم،فیلڈ مارشل کی ترک صدر سے ملاقات،ایران کی حمایت کا اعادہ

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)نائب وزیراعظم اسحاق ڈار،فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ترکیہ کے صدر سے اہم ملاقات ،ایران اسرائیل کشیدگی میں کمی کیلئے سفارتی کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات او آئی سی اجلاس کی سائیڈ لائنز پر ہوئی ،اسحاق ڈار نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے صدر اردوان کےلئے نیک خواہشات ،گرمجوشی پر مبنی پیغام پہنچایا اور پاکستان و ترکی کے درمیان مضبوط و برادرانہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیا۔

دونوں رہنماوں نے دو طرفہ تعاون کو مزید گہرا ،مضبوط بنانے ،بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزیوں پر مبنی اسرائیلی حملوں کی سخت مذمت ،ایرانی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور اقوام متحدہ منشور کے تحت دفاع کے حق کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا،دونوں رہنماوں نے کشیدگی میں کمی کےلئے سفارتی کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا خطے میں امن و استحکام کی بحالی کےلئے کردار ادا کرے،فریقین نے غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کو فوری طور پر روکنے اور محصور فلسطینی عوام تک انسانی امداد کی بلاتعطل فراہمی کےلئے کوششیں تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔