واشنگٹن (مشرق نیوز)چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی سینیٹ برائے ماحولیاتی تبدیلی شیری رحمن کا کہنا ہے کہ بدقسمتی ہے کہ پاکستان ماحولیاتی تبدیلیوں کے شکار ممالک کی صف اول میں کھڑا ہے۔ شیری رحمن نے ماحولیات کے عالمی دن پر اپنے بیان میں کہا کہ جرمن واچ کلائمیٹ رسک انڈیکس میں پاکستان ماحولیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے، گلیشیرز پگھل رہے ہیں، بارشوں کا نظام بگڑ چکا ہے، فضا میں زہریلا دھواں عام ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ راولپنڈی اسلام آباد میں حالیہ ڑالہ باری اور طوفانی بارشیں اس ماحولیاتی بے ترتیبی کا مظہر ہیں، ہم نے عالمی آلودگی میں معمولی حصّہ ڈالا لیکن سب سے بھاری قیمت ہمیں چکانا پڑ رہی ہے۔ شیری رحمن نے کہا کہ بڑے آلودگی پھیلانے والے ممالک خاموش بیٹھے ہیں، پاکستان کو تنہا چھوڑا جا رہا ہے، ترقی یافتہ ممالک کی پیدا کردہ آلودگی کا خمیازہ غریب ممالک کیوں بھگتیں؟ اس تباہی کا خمیازہ بھگتنے والے ممالک کو بچائے جانے تک انصاف محض ایک خوش فہمی ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات ہمارے مکانات اور زندگیاں بہا کر لے جا رہی ہیں، 2022 کے سپر فلڈز نے 33 ملین سے زائد افراد کو متاثر کیا، 1700 سے زائد جانیں گئیں۔
پاکستان ماحولیاتی تبدیلیوں کے شکار ممالک کی صف اوّل میں کھڑا ہے: شیری رحمن
















