پانی کے بیانئے پر بھارتی غرور خاک میں ملائیں گے: وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد (مشرق نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بھارت کو حالیہ جنگ میں بدترین شکست ہوئی جس پر بھارت نے سندھ طاس معاہدے کو بطور ہتھیار استعمال کیا، اب بھارت کا پانی پر غرور خاک میں ملائیں گے۔ وزیراعظم نے پبی ذخائر کے حوالے سے اجلاس میں کہا کہ بھارت کی پاکستان کا پانی بند کرنے کی دھمکیوں کو دنیا نے مسترد کر دیا، وفاق نے صوبوں کے ساتھ مل کر قوم کو شاندار مستقبل دینا ترتیب ہے، ایسے فیصلے کرنے ہوں گے کہ آئندہ نسلیں فخر کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کی، ہندوستان پاکستان کا پانی بند کرنے کی دھمکیاں دے رہا ہے، جس کو پوری دنیا نے مسترد کیا، پانی تقسیم کے معاہدے کی خلاف ورزی سے متعلق بھارت اپنے بیانئے کو ہوادے رہا ہے۔ اجلاس میں انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہندوستان کو شکست فاش دی ہے، اب ہندوستان کے پانی پر بیانیے کےغرور اورگھمنڈ کوبھی مل کر خاک میں ملائیں گے، معاشی میدان میں وفاق اورصوبوں نے مل کر 24کروڑعوام کیلئے شاندار مستقبل ترتیب دینا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ہم نے اگر آبی وسائل کیلئے اقدامات نہ کئے تو آئندہ نسلیں معاف نہیں کریں گے، زندہ قومیں مستقبل کیلئے لائحہ عمل تیار کرتی ہیں۔شہباز شریف نے کہا کہ جنگ میں 24کروڑ عوام افواج پاکستان کے پیچھے سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی تھی، 24اپریل کو قومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں بھارتی آبی جارحیت کا بھرپورجواب دینے کا فیصلہ ہوا تھا۔

دوسری طرف وزیراعظم شہباز شریف نے پاک بھارت جنگ کے دوران ہونے والے نقصانات کا جائزہ لینے کیلئے اعلیٰ سطح کمیشن تشکیل دیدیا۔ اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے سیکرٹری داخلہ محمد خرم آغا کو 15 رکنی اعلیٰ سطح کمیشن کا سربراہ جبکہ ڈی جی ایف آئی اے رفعت مختار کو کنونیئر مقرر کر دیا گیا، کمیشن میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری آزاد کشمیر، سیکرٹری ہوم پنجاب سمیت دیگر بھی شامل ہیں۔

اس کے علاوہ ڈی آئی جی آپریشنز پنجاب وقاص نذیر، ڈی آئی جی سکیورٹی کامران عادل، ڈی آئی جی سپیشل برانچ آزاد کشمیر حسن قیوم کمیشن کے ممبر مقرر کر دیئے گئے، پراسکیوٹر جنرل پنجاب سید فرہاد علی شاہ، ڈی جی آئی سی ہیومن رائٹس بھی کمیشن کا حصہ ہیں۔

اعلامیہ کے مطابق کمیشن 30 روز میں اپنی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کرے گا، کمیشن پاک بھارت تنازع کے دوران شہید اور زخمی ہونے والے سویلین سے متعلق ڈیٹا اکٹھا کرے گا اور کرائم سین سے متعلق بین الاقوامی قوانین کے تحت شواہد حاصل کرے گا۔

اعلامیہ میں کہا گیا کہ اعلیٰ سطح کمیشن فرانزک رپورٹ کی تیاری کی سربراہی بھی کریگا، کمیشن کو کسی بھی اضافی شواہد کی جانچ کا مکمل اختیار حاصل ہوگا، وزارت داخلہ کمیشن کو مکمل سہولیات فراہم کرنے کا پابند ہوگا، کمیشن بھارتی ہتھیاروں کی ساخت اور طریقہ کار سے متعلق بھی معلومات حاصل کریگا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کمیشن بھارت کی جانب سے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی سے متعلق بھی معلومات جمع کریگا۔