پاک بحریہ کی غیر روایتی خطرات کیخلاف بندرگاہوں کے دفاع کو مضبوط بنانے کیلئے مشقیں
اسلام آباد(بیورو رپورٹ) پاک بحریہ نے پاکستان کی تمام بڑی بندرگاہوں پر غیر روایتی خطرات سے نمٹنے پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے 2روزہ مشقوں کا کامیابی سے انعقاد کیا۔ ان مشقوں کا بنیادی مقصد اہم بحری تنصیات کے تحفظ کیلئے طریقہ کار اور حربی حکمت عملی کو جانچنا اور موثر بنانا تھا۔ ان مشقوں میں پاک بحریہ کی مختلف یونٹس بشمول پاک میرینز، ایس ایس جی (این)، بحری اور فضائی اثاثہ جات نے مربوط کارروائیوں میں حصہ لیا۔ مشق میں مختلف غیر روایتی خطرات اور حملوں کی صورت میں شرکت کرنے والی فورسز کے درمیان باہمی رابطے اور فوری ردعمل کی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانے پر توجہ دی گئی۔ مشقوں کے دوران کمانڈر کوسٹ رئیر ایڈمرل فیصل امین نے مختلف بندر گاہوں کا دورہ کیا اور مشق کے مختلف مراحل کا مشاہدہ کیا۔ انہوں نے حصہ لینے والی یونٹس کی پیشہ ورانہ مہارت اور باہمی ہم آہنگی کو سراہا۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ ملکی بندر گاہوں اور بحری تنصیبات کا تحفظ نہ صرف قومی سلامتی بلکہ اقتصادی ترقی کیلئے بھی بے حد ضروری ہے۔ یہ مشقیں اس امر کی عکاس ہیں کہ پاک بحریہ ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے اور ملکی سمندری سرحدوں کے دفاع کیلئے اپنی صلاحیتوں میں بتدریج جدت لا رہی ہے۔
















