زائدالمیعاد شناختی کارڈز پر جاری تمام سمز فوری بلاک کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)ملک بھر میں زائدالمیعاد شناختی کارڈز پر جاری تمام سمزفوری بلاک کرنے کا فیصلہ ،وزارت داخلہ نے چہرہ شناسی ٹیکنالوجی کے نفاذ کو 31 دسمبر تک یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے نادرا ہیڈکوارٹرز میںاہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ملتان، سکھر اور گوادر میں نادرا ریجنل دفاتر کے قیام کی منظوری سمیت بڑے فیصلے کیے،سیکٹر آئی 8 میں 10 منزلہ نادرا میگا سینٹر کا سنگ بنیاد رکھا، تکمیل جون 2026 میں متوقع ہے۔

اجلاس میں زائدالمیعاد شناختی کارڈز پر جاری تمام سمز کو فوری بلاک کرنے کا فیصلہ کیا گیا، پہلے مرحلے میں 2017 یا پہلے کے شناختی کارڈز پر جاری سمز بند کی جائیں گی ، اگلے مراحل میں 2017 کے بعد کے منسوخ شدہ کارڈز پر بھی پالیسی لاگو ہوگی۔

چیئرمین نادرا لیفٹیننٹ جنرل منیر افسر نے کہا پی ٹی اے کے تعاون سے موبائل سمز کو بلاک کیا جا رہا ہے، مختلف سرکاری محکمے اور سروس فراہم کنندگان شہریوں کی بائیو میٹرک معلومات اپنی مقامی ڈیٹا بیسز میں محفوظ کر رہے ہیں جس سے حساس معلومات غلط استعمال ،چوری کے خطرے سے دوچار ہیں،نادرا کے محفوظ و تصدیق شدہ ڈیٹا بیس سے فائدہ اٹھاتے ہوئے فیشل ریکگنیشن نظام کا استعمال کیا جائے۔

محسن نقوی نے کہا وزارت داخلہ کی جانب سے تمام متعلقہ اداروں کو شہریوں کی بائیو میٹرک معلومات کی علیحدہ سٹوریج بند کرنے کی ہدایات جاری کی جائیں گی،ملک بھر میں چہرہ شناسی (فیشل ریکگنیشن) ٹیکنالوجی کے نفاذ کو 31 دسمبر تک یقینی بنایا جائے، تمام عمل کی نگرانی وزارت داخلہ کرے گی۔