9مئی کے ملزم کی ضمانت منظور،زیادہ سختی نہ کریں، ساس بھی کبھی بہو تھی،جسٹس ہاشم کاکڑ


اسلام آباد:(بیورورپورٹ)9مئی کے ملزم کی ضمانت منظور،رہائی کاحکم،جسٹس ہاشم کاکڑنے پراسیکیوٹر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا زیادہ سختی نہ کیا کریں، ساس بھی کبھی بہو تھی۔

سپریم کورٹ کے 3 رکنی بنچ نے جناح ہاوس حملہ کیس کے ملزم رضا علی کی ضمانت درخواست پر سماعت کی،جسٹس ہاشم کاکڑ نے استفسار کیا ملزم پر کیا الزام ہے؟ وکیل سمیر کھوسہ نے کہا ملزم پر سب انسپکٹر کو پتھر مار کر زخمی کرنے کا الزام ہے، 2 افراد پر ایک ہی پولیس والے کو زخمی کرنے کا الزام ہے، شریک ملزم زین العابدین کی ضمانت منظور ہوچکی۔

جسٹس ہاشم کاکڑ نے سوال اٹھایا 2 لوگ ایک ہی پولیس والے کو زخمی کیسے کر سکتے ہیں؟ پراسیکیوٹر صاحب پولیس والے نے ایک ہی الزام 2 لوگوں پر کیسے لگا دیا؟ زخمی افراد کی فہرست میں تو پولیس اہلکار کا نام بھی شامل نہیں،پراسیکیوٹر ذوالفقار نقوی نے مو¿قف اپنایاملزم پر اور بھی کافی الزامات ہیں، جسٹس ہاشم کاکڑ نے ریمارکس دئیے الزامات تو آپ ہر روز کوئی نہ کوئی نیا لگا دیں گے،پراسیکیوٹر نے کہا سپریم کورٹ 4 ماہ میں ٹرائل مکمل کرنے کا حکم دے چکی۔

وکیل سمیر کھوسہ نے موقف اپنایا 4 ماہ کے حکم کے بعد ایک مہینے میں صرف فرد جرم عائد ہوئی ، ٹرائل روزانہ کی بنیاد پر نہیں ہو رہا، عدالت نے ایک ہفتے کی تاریخ دی۔

جسٹس ہاشم کاکڑ نے پراسیکیوٹر کو مخاطب کرتے ہوئے کہاپراسیکیوٹرصاحب جونیئر وکیل کیس کررہے ہوں تو زیادہ سختی نہ کیا کریں، آپ بھی کبھی جونیئر وکیل رہے ہیں، ضمانت ہونے دیں، پراسیکیوٹرصاحب ساس بھی کبھی بہو تھی،بعدازاں سپریم کورٹ نے ملزم رضا علی کی 2 لاکھ کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کرتے ہوئے رہائی کا حکم دےدیا۔