ججز ٹرانسفر کے عمل میں 4جوڈیشل فورمز سے رائے لی گئی،سپریم کورٹ

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)سپریم کورٹ نے اسلام آباد ہائیکورٹ ججز ٹرانسفر اور سنیارٹی کیس میں ریمارکس دئیے، ججز ٹرانسفر کے عمل میں 4جوڈیشل فورمز سے رائے لی گئی، ایک درجے پر بھی انکار ہو تو جج کاتبادلہ نہیں ہوسکتا۔

جسٹس علی مظہر کی سربراہی میں 5 رکنی آئینی بنچ نے درخواستوں پر سماعت کی،وکیل فیصل صدیقی نے دلائل جاری رکھتے ہوئے موقف اختیار کیا اسلام آباد ہائیکورٹ کا قیام آئین کے آرٹیکل 175 کے تحت ہوا ، قانون میں صوبوں سے ججز کی تقرری کا ذکر ہے، تبادلے کی اجازت نہیں،جسٹس علی مظہر نے استفسار کیا آپ کا کہنا ہے اسلام آباد ہائیکورٹ میں ججز تبادلے پر نہیں آ سکتے؟۔

فیصل صدیقی نے موقف اپنایا تبادلہ ہو بھی جائے تو مستقل نہیں ہوگا، تبادلے پر واپس جانے پر جج کو دوبارہ حلف نہیں اٹھانا ہوگا، دوبارہ حلف اٹھایا بھی جائے تو پہلے حلف کا تسلسل ہوگا،جسٹس علی مظہر نے استفسار کیا اگر بھارت کی طرح یہاں بھی ہائیکورٹس ججز کی ایک سنیارٹی لسٹ ہو تو کیا ہوگا؟ جسٹس شکیل ا حمد نے ریمارکس دئیے سنیارٹی لسٹ یکساں ہو تو کوئی جھگڑا ہی نہیں ہوگا، وکیل فیصل صدیقی نے موقف اپنایا مشترکہ سنیارٹی لسٹ پر سب ججز نتائج سے آگاہ ہوں گے، جج کا مستقل تبادلہ کرنا جوڈیشل کمیشن کے اختیارات لینے کے مترادف ہے۔

جسٹس علی مظہر نے استفسار کیا کیا آرٹیکل 175 اے کی وجہ سے تبادلے کا آرٹیکل 200 ختم ہوگیا؟ کیا آرٹیکل 175 اے کے بعد ججز کا تبادلہ نہیں ہوسکتا؟ بھارت میں تو جج کا تبادلہ رضامندی کے بغیر کیا جاتا ہے،فیصل صدیقی نے موقف اختیار کیا بھارت میں ججز کی سنیارٹی لسٹ مشترکہ ہے، ججوں کی سنیارٹی لسٹ دہائیوں میں بنتی ہے، ٹرانسفر کرکے ججوں کی سنیارٹی لسٹ راتوں رات تبدیل نہیں کی جاسکتی، راتوں رات سنیارٹی لسٹ ایگزیکٹو کے ذریعے تبدیل کرنا غاصبانہ عمل ہے،جسٹس علی مظہر نے ریمارکس دئیے ججز ٹرانسفر کےلئے 2 ہائیکورٹس کے چیف جسٹسز اور چیف جسٹس نے رائے دی، ایک جج کے ٹرانسفر کے عمل میں 4 درجات پر عدلیہ کی شمولیت ہوتی ہے ایک درجے پر بھی انکار ہو تو جج ٹرانسفر نہیں ہوسکتا اگر ٹرانسفر ہونے والا جج انکار کردے تو عمل رک جائے گا، متعلقہ ہائیکورٹ کا چیف جسٹس یا جس ہائی کورٹ میں ٹرانسفر ہونی ہے اس کا چیف جسٹس انکار کردے تو بھی عمل رک جائے گا، پہلے 3 مراحل کے بعد اگر چیف جسٹس انکار کر دیں تو بھی عمل رک جائے گا، سب کچھ ایگزیکٹو کے ہاتھ میں ہوتا تو الگ بات تھی، ججز ٹرانسفر کے عمل میں 4 جوڈیشل فورمز سے رائے لی گئی۔

وکیل فیصل صدیقی نے کہا قانون کے عمل میں بدنیتی کا مظاہرہ کیا گیا،سنیارٹی معاملے میں عدلیہ کو اندھیرے میں رکھا گیا،فیصل صدیقی کے دلائل مکمل ہونے کے بعد اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان نے دلائل کا آغاز کرتے ہوئے کہا آرٹیکل 200 کے تحت ججز کا ٹرانسفر مستقل بھی ہوتا ہے، عارضی بھی، عارضی ٹرانسفر کا نوٹیفکیشن میں ذکر ہوتا ہے، عارضی ٹرانسفر پر ججز کو اضافی مراعات بھی ملتی ہیں، مستقبل ٹرانسفر پر سرکاری رہائش ملتی ہے، ٹائم باو¿نڈ تبادلے پر جج اپنی اصل ہائیکورٹ میں واپس چلا جاتا ہے اگر جج کا تبادلہ مستقل ہو تو پہلی والی ہائیکورٹ سے سیٹ خالی ہو جاتی ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ میں تبادلے پر آئے ججز کو مستقل سرکاری رہائش فراہم کی گئی، کوئی اضافی الاونسز نہیں مل رہے۔

اٹارنی جنرل نے کہا ٹرانسفر پر آئے ججز کی مدت ملازمت کی معیاد ختم نہیں ہوئی، تبادلے پر آئے ججز کو نیا حلف اٹھانے کی ضرورت نہیں ، جج کو حلف تقرری پر اٹھانا پڑتا ہے، ججز تبادلے پر آئے، نئی تقرری نہیں ہوئی،جسٹس علی مظہر نے استفسار کیا کیا اسلام آباد ہائیکورٹ میں ٹرانسفر پر آئے ججز کی سیٹیں خالی ہوگئیں؟ جسٹس نعیم اختر افغان نے ریمارکس دئیے ہر جج نے اپنی ہائیکورٹ کا حلف اٹھایا ، ہر ہائیکورٹ کا اپنا دائرہ اختیار ہوتا ہے،اٹارنی جنرل نے موقف اختیار کیا آئین کے تھرڈ شیڈول میں اسلام آباد ہائیکورٹ ججز کے الگ حلف کا ذکر نہیں، آئین میں حلف کےلئے ہائیکورٹس کا ذکر ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز نے وہی حلف لیا جو تبادلے پر ججز نے تقرری کے بعد اٹھایا تھا، سپریم کورٹ ہائیکورٹس کے تمام ججز کا حلف ایک جیسا ہے۔

جسٹس نعیم اختر افغان نے استفسار کیا کیا آرٹیکل 200 کے تحت تبادلے پر نیا حلف نہیں ہوگا؟ اٹارنی جنرل نے کہا آرٹیکل 200 میں نئے حلف اٹھانے کا کوئی ذکر نہیں، جسٹس نعیم اختر افغان نے استفسار کیا ججز ٹرانسفر کی آخری سمری میں حلف نہ اٹھانے کا ذکر کیوں کیا گیا؟ سنیارٹی ،حلف کو ججز ٹرانسفرز کی ابتدائی سمریوں میں چھپایا گیا،اٹارنی جنرل نے موقف اپنایاججز کی سنیارٹی پر سپریم کورٹ کا عدالتی فیصلہ موجود ہے، اٹارنی جنرل نے موقف اختیار کیا عدالت کے سامنے 5ججز کی درخواست ہے، 5 ججز میں صرف جسٹس محسن اختر کیانی چیف جسٹس بننے کی دوڑ میں ہیں۔

جسٹس شکیل احمد نے استفسار کیا کیا ججز کا حلف اور سنیارٹی سیکرٹری قانون طے کرے گا؟ کیا کسی نے سیکرٹری قانون سے حلف اور سنیارٹی پر رائے مانگی تھی؟ سیکرٹری لا نے سمری میں سنیارٹی اور حلف کی وضاحت کیوں کی؟ سیکرٹری قانون کے معاملے پر عدالت نے اٹارنی جنرل سے جواب طلب کرلیا،جسٹس نعیم اختر افغان نے ریمارکس دئیے بتایا جائے سیکرٹری وزارت قانون کنٹریکٹ کی کتنی ٹرمز انجوائے کر چکے ہیں، اٹارنی جنرل نے کہا وزیر اعظم کو ایڈوائس کےلئے بھیجی گئی سمری انتظامی نوعیت کی ہے، عدالت کے سوالات پر جواب دوں گا، بعدازاں عدالت نے سماعت ملتوی کردی۔