جنرل عاصم منیر کی فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی ،ائیر چیف مارشل ظہیربابر سدھو کی مدت ملازمت میں توسیع

اسلام آباد: (بیورو رپورٹ) معرکہ حق میں تاریخی کامیابی، دشمن کو شکست دینے کا انعام، جنرل سید عاصم منیر کی فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی، ائیر چیف مارشل ظہیر بابر سدھو کی مدت ملازمت میں بھی توسیع، وفاقی کابینہ نے منظوری دےدی۔

وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اہم فیصلے کئے گئے، شہبازشریف نے پوری پاکستانی قوم کو معرکہ حق کے دوران آپریشن بنیان المرصوص کی شاندار کامیابی، دشمن کے عزائم خاک میں ملانے پر مبارکباد دی۔

اعلامیہ کے مطابق کابینہ نے معرکہ حق، آپریشن بنیان المرصوص کی اعلیٰ حکمت عملی، دلیرانہ قیادت کی بنیاد پر ملکی سلامتی یقینی بنانے اور دشمن کو شکست فاش دینے پر جنرل سید عاصم منیر (نشان امتیاز ملٹری) کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دینے کی منظوری دی، مدت ملازمت پوری ہونے پر ائیر چیف مارشل ظہیر بابر سدھو کی خدمات جاری رکھنے کا بھی متفقہ فیصلہ کیا گیا۔

کابینہ اراکین نے کہا حال ہی میں پاکستان تاریخ کے کٹھن مرحلے سے گزرا۔ 6 ،7 مئی کی رات بھارت نے بلا اشتعال اور بلا جواز جنگ مسلط کی، سول آبادی میں معصوم شہریوں بشمول خواتین ،بچوں کو نشانہ بنایا، دشمن کی جانب سے ملکی خودمختاری، سرحدی سالمیت کو پامال کرنے کی مذموم کوشش کی گئی، چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے مثالی جرات، عزم کےساتھ قیادت کرتے ہوئے مسلح افواج کی جنگی حکمت عملی، کاوشوں کو بھرپور طریقے سے ہم آہنگ کیا۔

وفاقی کابینہ نے کہا آرمی چیف کی بے مثال قیادت کی بدولت پاکستان کو معرکہ حق میں تاریخی کامیابی ملی۔ اعلامیہ میں کہا گیا بنیان المرصوص کے دوران گرانقدر خدمات انجام دینے والوں، پاک فوج کے افسروں، غازیوں، شہدا اورشہریوں کو اعلیٰ سرکاری ایوارڈز سے نوازا جائےگا۔

دریں اثناوزیراعظم شہباز شریف نے صدر آصف زرداری سے ملاقات کی اورجنرل سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دینے کے فیصلے پر اعتماد میں لیا۔ ملاقات میں بھارتی حملوں کے جواب میں پاکستان کی موثر جوابی کارروائی پر مسلح افواج کی قیادت کو سراہا گیا۔