روم (مشرق نیوز) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے اتوار کو ویٹی کن سٹی کے سینٹ پیٹرز سکوائر میں پوپ لیو XIVکی افتتاحی مذہبی تقریب میں شرکت کی۔ یہ تقریب پوپ لیو XIVکے عہدے کا باقاعدہ آغاز تھا، جس میں دنیا بھر سے آئے ہوئے تقریباً 2لاکھ 50ہزار افراد، عالمی رہنما اور اہم شخصیات شریک ہوئیں۔سید یوسف رضا گیلانی کی شرکت پاکستان کی طرف سے دنیا کو یہ پیغام دینے کیلئے تھی کہ ہم پاکستانی قوم، مذہبی ہم آہنگی اور تمام مذاہب کے احترام پر یقین رکھتے ہیں۔ ان کی موجودگی اس بات کی علامت تھی کہ پاکستان مختلف مذاہب کے درمیان مکالمے اور باہمی احترام کو فروغ دینا چاہتا ہے۔اس تقریب میں کئی عالمی رہنماو¿ں نے بھی شرکت کی جن میں امریکہ کے نائب صدر جے ڈی وینس، وزیر خارجہ مارکو روبیو، یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی، پیرو کی صدر دینا بولوارٹے، نائیجریا کے صدر بولا ٹنبو، کینیڈا کے وزیر اعظم مارک کارنی، آسٹریلیا کے وزیر اعظم انتھونی البانیز، اور یورپی کمیشن کی صدر ارزولا فان ڈیر لائن شامل تھے۔اس کے علاوہ بیلجیئم اور سپین کے بادشاہ اور ملکہ بھی تقریب میں شریک تھے۔پوپ لیو XIV جو امریکہ کے شہر شکاگو میں پیدا ہوئے اور امریکی و پیروکی شہریت رکھتے ہیں، ان دونوں ممالک سے پہلے پوپ ہیں۔ اپنی تقریر میں انہوں نے دنیا بھر میں امن، ہمدردی اور اتحاد کے پیغام پر زور دیا۔اپنے دورے کے دوران چیئرمین سینیٹ ویٹی کن اور دیگر عالمی رہنماو¿ں سے ملاقاتیں بھی کریں گے جن میں امن کے فروغ، اقلیتوں کے حقوق، اور مذاہب کے درمیان تعاون جیسے اہم موضوعات پر بات چیت ہوگی۔پاکستان دنیا بھر میں مذہبی رواداری اور بھائی چارے کا حامی ہے۔ چیئرمین گیلانی کی اس تقریب میں شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان دنیا کے ساتھ امن، احترام اور ہم آہنگی کے رشتے کو مضبوط کرنا چاہتا ہے۔
پاکستان مختلف مذاہب کے درمیان مکالمے، باہمی احترام کو فروغ دینا چاہتا ہے:چیئرمین سینٹ

















