آپریشن بنیان المرصوص پاکستانی عسکری برتری، حکمت عملی ،قومی وقار کا مظہر ہے،ڈاکٹر ثوبیہ جاوید


لاہور: (اپنے رپورٹر سے) افواجِ پاکستان کی جانب سے آپریشن ”بنیان المرصوص“کی شاندار کامیابی پر اظہارِ یکجہتی اور قومی جذبے کے فروغ کیلئے لیڈی ایچی سن ہسپتال لاہور کے زیراہتمام پرجوش فتح ریلی کا انعقاد کیا گیا، ریلی کی قیادت میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ثوبیہ جاوید نے کی،ریلی میں ہسپتال کے تمام شعبوں کے افسران، ڈاکٹرز، نرسنگ سٹاف، پیرامیڈیکل عملہ اور شہریوں نے بھرپور شرکت کی، شرکا نے ہاتھوں میں قومی پرچم، پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر افواجِ پاکستان کی حمایت اور آپریشن کی کامیابی پر مبارکباد کے پیغامات درج تھے۔ ریلی کے دوران ”پاکستان زندہ باد“ اور ”افواج پاکستان پائندہ باد“ کے نعرے گونجتے رہے۔

خطاب کرتے ہوئے ایم ایس لیڈی ایچی سن ہسپتال ڈاکٹر ثوبیہ جاوید نے کہا کہ آپریشن بنیان المرصوص پاکستان کی عسکری برتری، حکمت عملی اور قومی وقار کا عملی مظہر ہے۔ یہ محض ردعمل نہیں بلکہ عالمی برادری کیلئے پیغام ہے کہ پاکستان امن کا خواہاں ضرور ہے مگر اپنی خودمختاری پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حالات میں قومی یکجہتی اور افواجِ پاکستان کی مکمل حمایت ہی ہماری اصل طاقت ہے۔ریلی کے اختتام پر ملک کی سالمیت، افواجِ پاکستان کی مزید کامیابی، اور شہداءکے درجات کی بلندی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔