نیویارک (مشرق نیوز) حالیہ سائنسی تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ نیند کی کمی دل کی صحت کیلئے ماہرین کے پہلے اندازوں سے بھی زیادہ نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے۔ نیند کی کمی نہ صرف دل کی بیماریوں کے خطرے کو بڑھاتی ہے بلکہ بلڈ پریشر، ذیابیطس، موٹاپے اور ذہنی دباو جیسے عوامل کے ذریعے دل کی صحت کو مزید متاثر کرتی ہے۔
ایک جامع میٹا تجزیے کے مطابق، روزانہ 5 یا 6 گھنٹے سے کم نیند لینے والے افراد میں دل کی بیماریوں کا خطرہ نمایاں طور پر بڑھ جاتا ہے۔ نیند کی کمی سے جسم میں سوزش بڑھتی ہے، ہارمونز کا توازن بگڑتا ہے اور بلڈ شوگر متاثر ہوتی ہے جو سب دل کی بیماریوں کے خطرے کو بڑھاتے ہیں۔
مزید برآں ایک تحقیق میں یہ بھی پایا گیا کہ بے قاعدہ نیند کے اوقات رکھنے والے افراد میں دل کی بیماریوں کا خطرہ دگنا ہو جاتا ہے، چاہے کل نیند کا دورانیہ مناسب ہی کیوں نہ ہو۔ نیند کے اوقات میں بے قاعدگی سے جسم کی قدرتی حیاتیاتی گھڑی متاثر ہوتی ہے جو دل کی صحت پر منفی اثر ڈال سکتی ہے۔
نیند کی کمی ماہرین کے اندازے سے بھی زیادہ دل کیلئے نقصان دہ
















