لاہور (ہیلتھ رپورٹر+ اپنے رپورٹر سے)صوبائی وزیر محکمہ صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے بہاولپور کا دورہ کیا۔خواجہ سلمان رفیق نے بھارت کے بزدلانہ حملے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے ہسپتال میں زیر علاج شہریوں کی عیادت کی اور طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ صوبائی وزیرصحت وچیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صورتحال کا جائزہ لینے فوری طور پر بہاولپور پہنچا ہوں۔ انہوں نے کہاکہ صوبہ بھرکے سرکاری ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذکرچکے ہیں۔ڈاکٹرز،نرسزاور پیرامیڈیکل سٹاف زخمیوں کے علاج میں مصروف ہیں۔بھارت کی جانب سے رات کی تاریکی میں بزدلانہ حملوں کی پرزورمذمت کرتے ہیں۔صوبائی وزیرصحت نے کہاکہ حکومت پاکستان اور پاک افواج بھارتی بزدلانہ کارروائیوں کا منہ توڑجواب دیں گے۔ دریں اثناءوزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر محکمہ داخلہ میں انٹرنل سکیورٹی کنٹرول روم قائم چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق کا محکمہ داخلہ کے کنٹرول روم کا دورہ، سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل نے سکیورٹی صورتحال بارے بریفنگ دی۔ تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندگان ڈیوٹی پر تعینات صوبہ بھر کے ڈپٹی کمشنرز کو اپنے کنٹرول روم قائم کرنے کی ہدایت پنجاب بھر کے کنٹرول رومز کو محکمہ داخلہ کے مرکزی کنٹرول روم سے منسلک کیا جائے۔ بھارتی حملے کے تناظر میں سیکورٹی انتظامات کو مد نظر رکھتے ہوئے محکمہ داخلہ پنجاب نے حفاظتی اقدامات کیلئے پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے نام مراسلہ جاری کر دیا۔پنجاب کے حساس مقامات اور اہم تنصیبات کو محفوظ بنانے کیلئے ہدایات جاری مراسلہ آئی جی پنجاب، سی سی پی او لاہور، تمام آر پی اوز، سی پی اوز ،ڈی پی اوز اور ڈپٹی کمشنرز کو ارسال کیا گیاتمام اضلاع میں واقع اہم تنصیبات اور حساس علاقوں میں فول پروف انتظامات یقینی بنائے جائیں ۔مراسلہ محکمہ داخلہ پنجاب کے انٹرنل سکیورٹی ونگ نے جاری کیا۔ پاک بھارت کشیدگی کے دوران ہسپتالوں میں ایمرجنسی کا نفاذ محکمہ داخلہ پنجاب نے محکمہ صحت کو مراسلہ جاری کر دیا،پنجاب بھر کے ہسپتالوں میں فوری طور پر ”ایمرجنسی ہیلتھ الرٹ“ جاری کرنے کی سفارش، مراسلہ سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ اور سیکرٹری محکمہ صحت و آبادی پنجاب کے نام جاری ۔ بھارتی حملے کے تناظر میں شعبہ صحت کی ایمرجنسی خدمات کی فراہمی نہایت اہم ہے۔ ہنگامی بنیادوں پر ہیلتھ ایمرجنسی کا نفاذ عمل میں لایا جائے، ہسپتالوں میں ایمرجنسی رسپانس پروٹوکولز کو مکمل طور پر فعال کیا جائے۔ہسپتالوں میں ڈاکٹرز، نرسز، پیرامیڈیکس اور معاون عملہ مناسب تعداد میں ہمہ وقت موجود رہے ۔طبی سامان، ایمرجنسی کٹس اور بطور عطیہ خون کی دستیابی یقینی بنائی جائے، ہنگامی حالات میں ریسکیو اور ایمرجنسی سروسز کی ہم آہنگی یقینی بنائی جائے، مراسلہ محکمہ داخلہ کے انٹرنل سکیورٹی ونگ نے جاری کیا۔
سرکاری ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ، بھارتی بزدلانہ کارروائیوں کا منہ توڑجواب دیں گے: خواجہ سلمان رفیق
















