پاک بھارت کشیدگی مستقل خطرہ ، بنیادی وجہ مسئلہ کشمیر،خطے میں پھر جنگ کے سائے

تجزیہ:(شوکت مروت )پاک بھارت تعلقات گزشتہ کئی دہائیوں سے کشیدگی کا شکار رہے ہیں اور حالیہ دنوں میں دونوں ممالک کے درمیان پھر تناو کی کیفیت پیدا ہو گئی ، لائن آف کنٹرول (LOC) پر بلا اشتعال فائرنگ ، ایک دوسرے پر دہشتگردی کے الزامات، سفارتی تعلقات کی سرد مہری اور میڈیا میں جنگی بیانات ثبوت ہیں دونوں ایٹمی طاقتیں ایک بار پھر نازک مرحلے میں داخل ہو چکی ہیں،1947 میں برصغیر کی تقسیم کے بعد سے اب تک پاکستان اور بھارت کئی جنگیں لڑ چکے جبکہ متعدد مرتبہ حالات ایسے بنے جنگ کا خطرہ سر پر منڈلاتا رہا، تمام جنگوں اور کشیدگی کی بنیادی وجہ مسئلہ کشمیر ہے جو آج بھی حل طلب ہے۔

بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں اور دفعہ 370 کی منسوخی جیسے اقدامات، پاکستان کی شدید مذمت اور عالمی فورمز پر آواز بلند کرنے کا سبب بنتے رہے ہیں، ردعمل میں بھارت کی طرف سے پاکستان پر دہشتگردوں کی پشت پناہی کے الزامات لگتے ہیں جس سے ماحول مزید خراب ہو جاتا ہے،حالیہ کشیدگی کی کئی وجوہات ہیں،ایک طرف سیاسی سطح پر اشتعال انگیز بیانات کا سلسلہ جاری ہے تو دوسری طرف دونوں ممالک کے درمیان سفارتی مکالمہ مکمل طور پر بند ہے، صورتحال نے دونوں ملکوں کے درمیان اعتماد کو مزید کمزور کر دیا، بھارتی میڈیا کا جنگی جنون اور پاکستان مخالف مہم کشیدگی میں جلتی پر تیل کا کام کرتی ہے۔

پاکستان کی جانب سے بارہا مذاکرات کی پیشکش کی گئی لیکن بھارت کی خاموشی یا سخت ردعمل خطے میں امن کی کوششوں کو سبوتاژ کرتا ہے اگر کشیدگی برقرار رہی یا مزید بڑھی تو خطرناک نتائج سامنے آ سکتے ہیں، خطے میں ایک اور جنگ چھڑنے کا خدشہ ہے جو نہ صرف پاکستان اور بھارت بلکہ پورے جنوبی ایشیا کے امن و استحکام کو خطرے میں ڈال سکتی ہے ساتھ ہی دونوں ممالک کی معیشتوں پر منفی اثرات مرتب ہوں گے اور عام عوام کو مہنگائی، بے یقینی اور عدم تحفظ جیسے مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا۔

ضرورت اس امر کی ہے دونوں ممالک دانشمندی، بردباری اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے فوری مذاکرات کی میز پر آئیں، مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرنا ہی دیرپا امن کی ضمانت ہو سکتا ہے، میڈیا کو بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اشتعال انگیزی سے گریز کرنا چاہیے، عوامی سطح پر روابط، تعلیمی، ثقافتی اور تجارتی تبادلے دونوں ممالک کے درمیان اعتماد سازی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، خلاصہ یہ ہے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی مستقل خطرہ بن چکی ہے جسے سنجیدہ اقدامات، مذاکرات اور سیاسی عزم کے ذریعے ہی ختم کیا جا سکتا ہے اگر دونوں ممالک نے تاریخ سے سبق نہ سیکھا تو آنے والی نسلوں کوبھاری قیمت چکانا پڑے گی۔