پاکستان کے امارات، روانڈا کے ساتھ متعدد معاہدے

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور متحدہ عرب امارات کے ہم منصب شیخ عبداللہ بن زید النہیان نے ثقافت کے شعبے میں تعاون اور قونصلر امور کےلئے مشترکہ کمیٹی کے قیام کےلئے 2 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کر دئیے ،دونوں رہنماو¿ں نے متحدہ عرب امارات کے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے درمیان متحدہ عرب امارات پاکستان مشترکہ بزنس کونسل کے قیام کےلئے دستخط شدہ مفاہمتی یادداشت کا بھی مشاہدہ کیا،قبل ازیں دفتر خارجہ آمد پر متحدہ عرب امارات کے نائب وزیراعظم شیخ عبداللہ بن زید النہیان نے کہاپاکستان کےساتھ سرمایہ کاری کے تعلقات کو فروغ دینے کے خواہاں ہیں،پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے دیرینہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں جس سے دونوں ممالک کے عوام مستفید ہوں گے،پاکستانی ہم منصب نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کےساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے نائب وزیراعظم یو اے ای نے کہا متحدہ عرب امارات پاکستان کےساتھ تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے،میرے خیال میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے عوام تعلقات میں مزید پیش رفت دیکھنا چاہتے ہیں اور میں اس بات پر زور دینا چاہتا ہوں گزشتہ ایک یا دو سال میں چیزیں اس سے کہیں زیادہ تیزی سے آگے بڑھ رہی ہیں،اماراتی رہنما نے کہا امید ہے تجارت، سرمایہ کاری اور ہوا بازی سمیت بہت سے مختلف شعبوں میں جذبہ تیزی سے فروغ پائے گا،نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے معزز مہمان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا دونوں ممالک کے صدیوں پرانے برادرانہ تعلقات ہیں اور ایک دوسرے کےلئے مشترکہ عزم اور محبت اور پیار ہے، خواہش ہے دورہ طویل عرصے تک جاری رہتا ،پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان قریبی سفارتی، اقتصادی اور ثقافتی تعلقات ہیں،متحدہ عرب امارات مشرق وسطیٰ میں پاکستان کے سب سے بڑے تجارتی شراکت داروں میں سے ایک ہے اور ترسیلات زر کا ایک بڑا ذریعہ ہے جس میں بڑی تعداد میں پاکستانی تارکین وطن رہتے ہیں اور کام کرتے ہیں،علاوہ ازیں پاکستان اور روانڈا کا دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم بنانے پر اتفاق ہوگیا، دونوں ممالک کے درمیان مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط بھی کئے گئے،قبل ازیں وزیر خارجہ روانڈا اولیورجین پیٹرک ندوہنگرے دفتر خارجہ پہنچے جہاں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے معزز مہمان کا استقبال کیا،مذاکرات کے بعد روانڈا کے وزیر خارجہ کےساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا روانڈا کے وزیر خارجہ کی پاکستان آمد کا خیرمقدم کرتے ہیں، پاکستان روانڈا کےساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، دونوں ممالک دوطرفہ تعلقات اور تعاون کو مزید مضبوط بنانے کیلئے پرعزم ہیں، پاکستان روانڈا کے مصنوعات کیلئے پرکشش منڈی ہے، پاکستان ٹیکسٹائل، چاول، سمیت دیگر مصنوعات کی برآمد میں عالمی پہچان رکھتا ہے، پاکستان روانڈا کی ترقی کرتی معیشت میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے، مختلف شعبوں میں پاکستان اور روانڈا کے درمیان مضبوط تعاون قائم ہے، دونوں ممالک مختلف عالمی فورمز پر ایک دوسرے کے مو¿قف کی حمایت کرتے ہیں، وزیر خارجہ روانڈا اولیورجین پیٹرک ندوہنگرے نے کہا پاکستان کا میرا پہلا دورہ ہے، پاکستانی ہم منصب اسحاق ڈار سے مفید بات چیت ہوئی، پاکستان کےساتھ اعلیٰ سطح کے تبادلوں کیلئے پرعزم ہیں، اعلیٰ سطح تبادلوں سے دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے، پاکستان اور روانڈا کے تعلقات باہمی احترام پر مبنی ہیں، پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تجارت کا حجم بڑھانا چاہتے ہیں، پاکستان کیلئے اپنی مصنوعات روانڈا کو برآمد کرنے کیلئے مواقع موجود ہیں، پاکستان اور روانڈا عالمی امن مشن میں بھی اپنا بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں،بعدازاں پاکستان اور روانڈا کے درمیان مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب ہوئی جہاں دونوں ممالک کے وزیر خارجہ نے مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے۔

اسلام آباد (بیورو رپورٹ)یواے ای کے نائب وزیراعظم شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا،ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر بھی موجود تھے،ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر اتفاق ہوا ، تجارت، سرمایہ کاری اور توانائی میں تعاون بڑھانے پر زور دیا گیا،وزیراعظم نے تعلقات کو اقتصادی شراکت داری میں بدلنے کے عزم کا اعادہ کیا، ملاقات میں علاقائی وعالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا،شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے یو اے ای میں پاکستانی کمیونٹی کے تعاون کو سراہا اور دوطرفہ تعاون کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا اظہار کیا، وزیراعظم شہبازشریف نے یو اے ای کی پاکستان کےلئے حمایت کو سراہا، شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے دوطرفہ تعاون کو مزیدگہرا کرنے کاعزم ظاہر کیا۔