کسی کو اسٹیبلشمنٹ کےساتھ مذاکرات کا اختیار نہیں دیا : عمران خان

اسلام آباد، راولپنڈی (بیورو رپورٹ)سابق وزیر اعظم عمران خان نے لیگل ٹیم کے ذریعے پیغام میں کہامیں نے کسی کو اسٹیبلشمنٹ کےساتھ مذاکرات میں شامل ہونے کا اختیار نہیں دیا، میں نے ماضی میں کبھی کوئی معاہدہ نہیں کیا ہے اور نہ ہی اب میں اس پر بات کروں گا۔

ایکس پر بانی پی ٹی آئی کے نام سے منسوب اکاو¿نٹ پر جاری ہونےوالے بیان میں عمران خان کی جانب سے کہا گیا اگر مجھے کوئی معاہدہ کرنے میں دلچسپی ہوتی تو میں2سال پہلے کی جانے والی پیش کش کو قبول کر لیتا، ایک ایسی پیشکش جس میں 2 سال کی خاموشی کے بدلے قانونی کارروائی سے مکمل استثنیٰ کی تجویز دی گئی تھی، میں نے اس وقت اسے مسترد کر دیا تھا، اوراب میں اس طرح کے کسی بھی تصور کو مسترد کرتا ہوں۔

گنڈاپور اوراعظم سواتی نے مذاکرات کی خواہش کا اظہار کیا ہو لیکن میرے خیال میں اس طرح کے مذاکرات بے معنی ہیں، مخالف فریق کو مسائل کو حل کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں ،عمران خان نے بیان میں کہا گنڈا پور اور اعظم سواتی مرضی سے بات چیت کرنا چاہتے تھے، میں نے ہمیشہ کہا ہے اور اس بات کا اعادہ کیا ایک سیاسی جماعت کی حیثیت سے ہمیں بات چیت پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔

پی ٹی آئی واحد حقیقی قومی سیاسی قوت ہے جو بیرونی حمایت کے بغیر کسی بھی وقت ملک گیر تحریک کو متحرک کر سکتی ہے، ایک سیاسی جماعت صرف اس وقت کمزور ہوتی ہے جب وہ عوامی حمایت کھو دیتی ہے ،مزید بر آں بانی سے جیل میں ملاقات نہ کرانے پر علیمہ خان نے ہوم سیکرٹری پنجاب اور سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کےخلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کردی۔