لاہور(اپنے رپورٹر سے) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے کی تاریخ کے سب سے بڑے ماہانہ راشن کارڈ پروگرام کا فیصلہ کر لیا،یکم مئی کو ساڑھے 12 لاکھ افراد میں راشن کارڈ تقسیم کیے جائیں گے،پنجاب حکومت منصوبے کےلئے ابتدائی طور پر 20ارب روپے فراہم کرے گی ،لیبر اور سوشل سکیورٹی ڈیپارٹمنٹ کے بجٹ سے مزید 10، 10ارب روپے دئیے جائیں گے۔
راشن کارڈ بینک آف پنجاب کے ذریعے جاری کیے جائیں گے ، کارڈ کے ذریعے ماہانہ کتنی رقم فراہم کی جائے گی حتمی فیصلہ پنجاب کابینہ کرے گی،پنجاب حکومت اقدام کےلئے باقاعدہ قانون سازی بھی کرے گی، راشن کارڈ گھرانے کے سربراہ کو جاری کیا جائے گا جس سے مجموعی طور پر 84لاکھ سے زائد افراد مستفید ہوں گے۔
بی آئی ایس پی اور دیگر سرکاری گرانٹس حاصل کرنے والے صنعتی مزدور بھی سکیم سے فائدہ اٹھا سکیں گے،مریم نواز نے کہاراشن کارڈ سے کچن کے اخراجات کا کچھ مداوا ہو سکے گا، خصوصی افراد سوشل ویلفیئر ڈپارٹمنٹ کے پورٹل میں خود کو ضرور رجسٹر کرائیں،خصوصی افراد کے اہل خانہ کا دکھ جانتی ہوں، ریاست ضرورت مندوں کا خیال کرتی اور کمزور افراد کی آواز سنتی ہے۔
صوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ اور سیکرٹری کو شاباش دیتی ہوں، ٹیم نے میرا خواب پورا کر دکھایا، دھی رانی پروگرام کے تحت 2 ہزار بچیوں کی شادیاں انجام پائیں، ریاست خصوصی افراد کا ہاتھ تھام لے تو مشکل آسان ہو جاتی ہے،خوشی ہے اب اقتدار کا رخ بدلا، اب حکومت خود چل کر عوام کے دروازے تک پہنچ جاتی ہے، وزیراعلیٰ کا کام آفس میں بیٹھنا نہیں، عوام میں رہ کر خدمت کرنا ہے۔
وزیراعلیٰ عوام کے دکھ درد میں شریک نہیں ہو گی تو کوئی دوسرا کیسے جائے گا، 30 لاکھ افراد کو دروازہ کھٹکھٹا کر ان کا حق پہنچایا گیا،وزیر اعلیٰ نے کہا جن لوگوں کے پاس پلاٹ نہیںانہیں 3 مرلہ کا پلاٹ بالکل مفت دیا جائے گا، اپنا گھر سکیم کے تحت 30 ہزار سے زائد گھر تعمیر کرائے جا چکے ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز کا یکم مئی کو ساڑھے 12 لاکھ راشن کارڈ تقسیم کرنے کا اعلان
















