دہشتگردی کےخلاف کثیر الجہتی عالمی حکمت عملی تیار کرنے کاوقت آگیا،محسن نقوی
لاہور:(خبر نگار)وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہاہے دہشتگردی کے چیلنج کا کئی ممالک کو سامنا ہے،ناسور کیخلاف کثیر الجہتی عالمی حکمت عملی تیار کرنے کاوقت آگیا۔
محسن نقوی سے برطانوی رکن پارلیمنٹ افضل خان نے ملاقات کی ،پاک برطانیہ تعلقات کے فروغ ،برطانیہ میں پاکستانی کمیونٹی کے مسائل سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیرداخلہ نے پاک برطانیہ تعلقات کو مضبوط کرنے کےلئے موثر کردار پر برطانوی رکن پارلیمنٹ افضل خان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہاامید ہے لیبر پارٹی کے دور میں پاک برطانیہ تعلقات نئی بلندیوں کو چھوئیں گے،دہشتگردی کےخلاف کثیر الجہتی بین الاقوامی حکمت عملی تیار کرکے بلا تاخیر عمل کیا جائے،محسن نقوی نے کہاانسداد دہشتگردی کیلئے پاکستانی اداروں کی استعداد کار بڑھانے اور ٹریننگ کےلئے برطانوی تعاون کا خیر مقدم کریں گے، برطانیہ میں پاکستانیوں کی بہت بڑی تعداد آباد ہے، پاکستانی کمیونٹی پاکستان کے ساتھ برطانوی معیشت کی مضبوطی کیلئے کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔
برطانوی رکن پارلیمنٹ افضل خان نے کہا دہشتگردی کےخلاف پاکستان کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، پاک برطانیہ تعلقات کی مزید بہتری کیلئے اپنا کردار ادا کرتا رہوں گا۔

















