اسلام آباد (مشرق نیوز) 18 اضلاع سے جمع کئے گئے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جو ان علاقوں میں وائرس کی موجودگی کی نشاندہی کرتی ہے۔ میڈیا میں شائع خبر کے مطابق نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ میں پولیو کے خاتمے کیلئے ریجنل ریفرنس لیبارٹری کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ 22 اضلاع سے سیوریج کے نمونے جمع کئے گئے تھے۔ چمن، اسلام آباد، جنوبی وزیرستان لوئر، جنوبی وزیرستان اپر، لاہور، ڈی جی خان، بدین، دادو، حیدرآباد، جیکب آباد، قمبر، کراچی شرقی، وسطی، کیماڑی اور غربی، شہید بینظیر آباد، سجاول اور سکھر کے سیوریج کے نمونوں میں وائلڈ پولیو وائرس ٹائپ 1 (ڈبلیو پی وی 1) کا پتہ چلا ہے۔ دریں اثنا ژوب، سیالکوٹ، ملتان اور رحیم یار خان کے نمونوں کی رپورٹ منفی آئی ہے۔ واضح رہے کہ سیوریج کا نمونہ بنیادی پیرامیٹر ہے جو کسی علاقے میں وائرس کی موجودگی کی شناخت کرنے کیلئے استعمال ہوتا ہے۔ اس سے اس بات کا تعین ہوتا ہے کہ آیا پولیو کے قطرے پلانے کی مہم کے نتیجے میں بچوں میں مطلوبہ قوت مدافعت پیدا ہو رہی ہے یا نہیں۔ عہدیدار نے کہا کہ پاکستان پولیو کے خاتمے کے پروگرام نے اپنے ماحولیاتی نگرانی کے مقامات کو 2021 میں 65 سے بڑھا کر 2025 میں 127 کر دیا ہے۔
ملک کے 18 اضلاع کے سیوریج نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق

















