لاہور:(اپنے رپورٹر سے)وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود نے”ڈیجیٹل یوتھ ہب“کا افتتاح کر دیا، اس موقع پر ”ڈیجیٹل یوتھ انٹرن شپ پروگرام“ کے تھیم کا بھی اجرا کیا گیا،اس موقع پر وزیراعظم یوتھ پروگرام کے فوکل پرسن فہد شہباز بھی موجود تھے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا مشہود نے کہا ڈیجیٹل یوتھ ہب وزیراعظم شہباز شریف کے ویژن کا عملی مظہر ہے جس کا مقصد پاکستانی نوجوانوں کو تعلیم، ہنر اور روزگار کے مواقع تک براہ راست رسائی فراہم کرنا ہے، ڈیجیٹل یوتھ ہب جدید، مصنوعی ذہانت پر مبنی ون ونڈو پلیٹ فارم ہے جو پاکستان بھر کے نوجوانوں کو تعلیمی وظائف، ڈیجیٹل مہارتوں کی تربیت، کیریئر گائیڈنس، روزگار، انٹرن شپس، سٹارٹ اپ سپورٹ اور سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع فراہم کرے گا، اقدام وزیراعظم شہباز شریف کے ویژن کی تکمیل کی جانب اہم سنگ میل ہے جس کے تحت نوجوانوں کو قومی ترقی کے عمل میں فعال شراکت دار بنایا جا رہا ہے۔
چیئرمین پرائم منسٹرز یوتھ پروگرام نے کہا موجودہ حکومت نوجوانوں کی فلاح و بہبود، روزگار کے مواقع کی فراہمی اور معاشی خودمختاری کو اولین ترجیح دے رہی ہے، ڈیجیٹل یوتھ ہب انقلابی قدم ہے جو نہ صرف شہری بلکہ دیہی علاقوں کے نوجوانوں کےلئے بھی یکساں مواقع پیدا کرے گا، ڈیجیٹل یوتھ ہب کے ذریعے نوجوانوں کو مقامی و بین الاقوامی اسکالرشپس اور گرانٹس فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ کوئی بھی نوجوان وسائل کی کمی کی وجہ سے اعلیٰ تعلیم سے محروم نہ رہ سکے۔
ڈیجیٹل یوتھ ہب کا افتتاح،اقدام وزیراعظم کے ویژن کی تکمیل کی جانب اہم سنگ میل ہے :رانا مشہود
















