راولپنڈی،پشاور،کوئٹہ :(بیورورپورٹ)کے پی میں آپریشن،9خوراج جہنم واصل،2جوان شہید،پشاور،کوئٹہ میںدھماکے ، مفتی منیر شاکرسمیت اہلکار جاں بحق،لکی مروت ،بنوں کے 4 تھانوں پر حملے ناکام بنادئیے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مہمند،ڈیرہ اسماعیل خان میں انٹیلی جنس آپریشن کے دوران 9خوراج کو ہلا ک کردیا،سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو موثر انداز میں نشانہ بنایا،شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران 2 جوان حوالدار زاہد (عمر 37 سال، ضلع ملاکنڈ کے رہائشی) اور سپاہی آفتاب علی شاہ (عمر 26 سال، ضلع چترال کے رہائشی) نے بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت کو گلے لگا لیا، ہلاک ہونےوالے خوارج سے ہتھیار اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
ترجمان پاک فوج نے کہا دہشتگرد متعدد تخریبی سرگرمیوں میں ملوث تھے، سکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کی لعنت کو ختم کرنے کےلئے پرعزم ہیں۔
ادھر پشاور میں تھانہ ارمڑ کی حدود میں مسجد کے دروازے پر دھماکے میں مفتی منیر شاکر جاں بحق،3افراد زخمی ہوگئے،پولیس کے مطابق پشاور کے علاقے تھانہ ارمڑ کی حدود میں افطار سے کچھ دیر قبل مسجد کے دروازے پر دھماکہ ہوا۔
دریں اثنا کوئٹہ کے علاقے کرانی میں پولیس موبائل کے قریب دھماکے میں پولیس اہلکار شہید ، 5 زخمیوں کوہسپتال منتقل کردیا گیا۔
مزید برآں خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں دہشت گردوں نے 2 پولیس سٹیشنوںکو نشانہ بنایا ،نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے خوجڑی پولیس چوکی پر2 ہینڈ گرنیڈ سے حملہ کیا تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، لکی مروت میں عباسہ خٹک پولیس چوکی پر نامعلوم مسلح ملزمان نے حملہ کر دیا ، پولیس اور حملہ آوروں کے درمیان بھاری ہتھیارو ں سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا، پولیس کی جوابی کارروائی میں ایک حملہ آور مارا گیا، دوسرا ساتھی موٹر سائیکل چھوڑ کر فرار ہو گیا، مدد کےلئے جانے والی پولیس موبائل وین کو راستے میں نصب بارودی مواد کے دھماکے سے نشانہ بنایا گیا جس میں 3 اہلکار زخمی ہو گئے ۔
قبل ازیں ڈیرہ بگٹی کے علاقے بیھ لوٹی میں مسلح افراد نے فائرنگ کر کے خاتون سمیت3افراد کو قتل کر دیا۔
صدر ،وزیراعظم،وزیر داخلہ نے خیبر پختونخوا میں فتنہ الخوارج کےخلاف کامیاب انٹیلی جنس آپریشن پرسکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا دہشت گردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رکھیں گے، دہشت گردی کی جنگ میں پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے، وطن کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنےوالے قوم کے بہادر جوانوں و اہل خانہ پر پوری پاکستانی قوم کو فخر ہے۔
کے پی:9خوراج ہلاک،2جوان شہید، پشاور،کوئٹہ دھماکے، مفتی ،اہلکار جاں بحق
















