اسلام آباد،لاہور: (بیورورپورٹ،خبر نگار)بجلی سستی کرنے کابڑا پیکیج تیار،وزیر اعظم شہباز شریف نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھتے ہوئے پورا مالی فائدہ توانائی قیمتوں میں عوام کو منتقل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
وزیر اعظم آفس کے مطابق شہباز شریف نے بجلی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی کرکے عوام کو بڑا ریلیف دینے کی تیاری کرلی،پیکیج کااعلان جلد ہوگا،اقدام بجلی نرخوں میں بامعنی کمی کا باعث بنے گا،وزیراعظم نے کہا عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں ردوبدل کے فرق سے پیدا ہونےوالی مالی گنجائش و دیگر اقدامات سے بجلی قیمتوں میں عوام کو بڑا ریلیف دینے کا پیکیج تیار ہے،اعلان آئندہ چند ہفتوں میں کیا جائےگا، حکومت سنبھالتے ہی عوامی ریلیف کو ترجیح دینے کا عہد کیا تھا۔
اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم نے اگلے چند ہفتوں میں بجلی نرخوں میں کمی کی صورت میں ریلیف اور عوام کےلئے مزید آسانیاں فراہم کرنے کے عزم کااظہار کرتے ہوئے کہاریلیف سے نہ صرف بجلی سستی ہوگی بلکہ مہنگائی بھی مزید نیچے آئے گی،شہبازشریف جلد قوم کو خود پیکیج سے آگاہ کریں گے۔
دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف نے 190 ملین پاونڈ (60 ارب ) کی لاگت سے تعمیر ہونےوالی دانش یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھ دیا،سیکٹر ایچ16 میں دانش یونیورسٹی آف ایمرجنگ سائنسز کے سائٹ ریویو کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہاسب کےلئے خوشی کا لمحہ ہے ، دانش یونیورسٹی کے قیام کےلئے 100 ایکڑ زمین مختص کردی، یونیورسٹی سٹینفورڈ، آکسفورڈ، ایم ائی ائی ٹی و دیگر عالمی شہرت یافتہ تعلیمی اداروں کے ہم پلہ ہو گی،14 اگست 2026 کو پہلا سیکشن فعال ہو جائے گا،یونیورسٹی میں بہترین تعلیم، اساتذہ اور ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ سینٹرز ہوں گے،دانش یونیورسٹی کا مرکزی نکتہ اپلائیڈ سائنسز ہیں،حکومت کا دانش یونیورسٹی کے کاموں ،انتظامیہ سے کوئی تعلق نہیں ہوگا ،پی کے ایل آئی کی طرح خود مختاری سے کام کرے گی۔
وزیراعظم نے کہاملک بھر سے طلبہ جامعہ کی مختلف فیکلٹیوں میں خالصتاً میرٹ کی بنیاد پر داخلہ لیں گے،ٹرسٹ بنایا جائےگا ،ابتدائی طور پر حکومت 10 ارب سیڈ منی کے طور پر فراہم کرے گی بعد میں امیر طلبہ کی فیسوں سے جمع رقم سے یونیورسٹی کو چلایا جائے گا، غریب طلبہ کی مدد کرینگے،بورڈ آف گورنرز کے ناموں کو حتمی شکل دےدی تاکہ ذہین افراد اپنا کردار ادا کر سکیں۔
شہبازشریف نے کہادانش یونیورسٹی کیمپس سرخ پتھر کےساتھ تعمیر کیا جائے گا،تمام متعلقہ سہولیات موجود ہوں گی،پنجاب بھر کے دانش سکولوں میںبڑی تعداد میں یتیم و غریب طلبہ تعلیم حاصل کر رہے ہیں،اساتذہ نے دانش سکولوں کے دور دراز علاقوں میں طلبہ کو پڑھانے کےلئے اپنی اچھی تنخواہ والی نوکریاں چھوڑیںاگر دانش سکولوں میں طلبہ کو تعلیم نہ دی جاتی تو بے پناہ ٹیلنٹ ضائع ہو جاتا،سب کو معیاری تعلیم فراہم کر کے خوشحال پاکستان کے حقیقی مقاصد کو حاصل کیا جا سکتا ہے، ملک میں تعلیم کیلئے کام نہ کیا تو سبز ہلالی پرچم اپنے مقام پر نہیں پہنچے گا۔
وزیراعظم نے سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور موجودہ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کا 190 ملین پاونڈز کی رقم سرکاری خزانے میں منتقل کرنے پر اظہار تشکر کرتے ہوئے قومیںقرضوں یا فنڈز کے حصول سے نہیں ،محنت کی بنیاد پر بنتی ہیں،پاکستان کو مضبوط و خوشحال ملک بنانے اور قائد اعظم کے نظریات کو عملی جامہ پہنانے کےلئے جدوجہد کریں گے۔
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کااعلان،عوام کو بجلی سستی کرکے ریلیف دینگے،وزیراعظم

















