طورخم بارڈر پر کشیدگی کے خاتمے کیلئے گرینڈ قبائلی جرگہ تشکیل

چمن:(مشرق نیوز)خیبر میں پاک افغان کشیدگی کے باعث طورخم تجارتی گزرگاہ 16ویںروز بھی بند رہی۔

ذرائع کے مطابق طورخم بارڈر پر کشیدگی کے خاتمے کےلئے گرینڈ قبائلی جرگہ تشکیل دےدیا گیا ، جرگے میں ضلع خیبر کے قبائلی عمائدین، علما اور تاجر شامل ہیں،گرینڈ جرگہ سب سے پہلے دونوں ممالک کے درمیان فائر بندی کرانے کی کوشش کرےگا۔

دوسرے مرحلے میں افغان فورسز کی جانب سے کی گئی متنازع تعمیرات کا جائزہ لیا جائے گا اگر تعمیرات کو متنازع حدود میں پایا گیا تو تعمیر فوری طور پر رکوانے کےلئے اقدامات کیے جائیں گے،جرگے کا تیسرا مرحلہ طورخم سرحد کو ہر قسم کی آمدورفت کےلئے کھلوانے پر مشتمل ہوگا تاکہ تجارتی و سفری سرگرمیاں بحال ہو سکیں۔