پورٹ قاسم اراضی سکینڈل، وزیراعظم نے تحقیقات کیلئے 3 رکنی کمیٹی قائم کر دی

اسلام آباد (مشرق نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے پورٹ قاسم اتھارٹی کی قیمتی زمین کے سکینڈل کی تحقیقات کیلئے تین رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی۔ سینیٹر فیصل واوڈا کی جانب سے پورٹ قاسم اتھارٹی کی قیمتی زمین کے موجودہ حکومت کے دور میں اونے پونے دام دیئے جانے کے انکشاف کیا گیا تھا۔

وزیر اعظم آفس کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پورٹ قاسم اتھارٹی زمین چھوٹے اور درمیانے انڈسٹریل پارک کیلئے دی گئی، زمین کی لیزنگ میں مالی بے ضابطگیوں کی تحقیقات تین رکنی کمیٹی کریگی۔ چیئرمین وزیراعظم انسپکشن کمیشن کمیٹی کے کنوینر مقرر کردئیے گئے جبکہ ڈائریکٹر آئی بی سراج الدین امجد اور ڈائریکٹر ایف آئی اے سید شاہد حسین تحقیقاتی کمیٹی کا حصہ ہونگے۔

کمیٹی کو خصوصی ٹاسک بھی سونپ دیا گیا جس کے تحت کمیٹی لیز کی منسوخی کے خلاف حکم امتناعی کو ختم کرنے کیلئے پورٹ قاسم اتھارٹی کی قانونی حکمت عملی کا جائزہ لے گی اور پورٹ قاسم اتھارٹی بورڈ کی طرف سے مدعی کے ساتھ عدالت سے باہر تصفیہ کرنے کے فیصلہ کرنے میں غور کئے جانے والے عوامل کی تحقیقات کی مجاز ہوگی۔ کمیٹی بشمول دیگر تمام قانونی آرا جو عدالت سے باہر تصفیہ کی حمایت کرتی ہوں کا بھی جائزہ لے گی۔

ٹی او آرز کے مطابق کمیٹی چھان بین کریگی کی آیاپورٹ قاسم اتھارٹی نے تصفیہ سے پہلے زمین کی قیمت کا از سر نو جائزہ لیا اور تحقیقات کرے گی کہ کیا موجودہ مارکیٹ قیمتوں کو فیصلے میں شامل کیا گیا۔ ٹی او آرز کے مطابق کمیٹی اس بات کا تعین کرے گی کہ عدالت سے باہر تصفیہ کی پیشکش مدعی کے انکار پر فوری واپس کیوں نہیں لی گئی۔ کمیٹی تاخیر میں معاون ثابت ہونے والے گورننس کے مسائل کی نشاندہی کرے گی۔

کمیٹی تحقیقات میں معاونت کیلئے ضرورت کے مطابق کسی دوسرے ممبر کو شریک کر سکتی ہے۔ وزارت سمندری امور سیکرٹریل معاونت فراہم کریگی۔ انکوائری کمیٹی دو ہفتوں کے اندر وزیر اعظم کو اپنی رپورٹ پیش کریگی۔ واضح رہے کہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی بحریہ مور میں پورٹ قاسم اتھارٹی کا بڑا سکینڈل منظر عام پر آیا تھا اور سینیٹر فیصل واوڈا کی جانب سے انکشاف کیا گیا تھا۔