حکومتیں سستے داموں اشیا کی فراہمی یقینی بنائیں،کوتاہی برداشت نہیں،وزیراعظم


لاہور:(خبر نگار)وزیراعظم شہباز شریف نے چینی کی ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر کےخلاف سخت کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے رمضان المبارک میں چینی و دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کے کنٹرول پر کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائےگی،اشیائے خور و نوش کی مناسب قیمتوں پر فراہمی کیلئے حکمت عملی مرتب کی جائے۔

شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں چینی کی سپلائی اور قیمت کے کنٹرول پر اجلاس ہوا ،نائب وزیراعظم ، وزیر خارجہ اسحاق ڈار ،احسن اقبال ، احد چیمہ ،رانا تنویر ، علی پرویز ملک اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسروں نے شرکت کی، چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز نے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس کو بریفنگ دی۔

وزیر اعظم شریف نے کہا عوام کو اشیائے خور و نوش کی ارزاں نرخوں پر فراہمی ترجیح ہے،سخت ایکشن کی وجہ سے چینی کی سمگلنگ کے خاتمے میں مدد ملی ،چینی کی قیمتوں پر کنٹرول کیلئے سخت اقدامات اٹھاتے ہوئے ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر کےخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے،شہبازشریف نے کہاوفاقی و صوبائی حکومتیں ملکر عام آدمی کو سستے داموں اشیائے خور و نوش کی فراہمی یقینی بنائیں،کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

اجلاس کو چینی کی پیداوار پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا ملک میں چینی کا وافر سٹاک موجود ہے ،صوبائی سطح پر چینی کی ارزاں نرخوں پر فروخت کےلئے فئیر پرائس شاپس قائم کی گئی ہیں ،سمگلنگ مکمل ختم کرنے کےلئے بھرپور اقدامات لئے جائیں گے اور سمگلرز کےخلاف سخت کارروائی ہوگی۔