مریم نواز عوام کیلئے بڑی محنت سے کام کر رہی ہیں: خواجہ سلمان رفیق/ رانا سکندر حیات

لاہور (ہیلتھ رپورٹر) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق اور صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں چیف منسٹر ہونہار سکالرشپ ایوارڈ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر محمود ایاز، پرو وائس چانسلر پروفیسر معین، رجسٹرار پروفیسر عمران، ڈائریکٹر میڈیکل ایجوکیشن پروفیسر ابرار اشرف، پروفیسر ثاقب سہیل، ڈائریکٹر فنانس کے ای ایم یو افشاں سلمان اور طلباءو طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ وائس چانسلر پروفیسر محمود ایاز نے صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق اور صوبائی وزیر تعلیم کو گلدستہ پیش کیا اور خوش آمدید کہا۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک اور قومی ترانہ سے کیا گیا۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے چیف منسٹر ہونہار سکالرشپ ایوارڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر ہونہار سکالرشپ ایوارڈ کی تقریب میں شرکت پر بڑی خوشی محسوس ہو رہی ہے۔ یہاں بیٹھے طلباءو طالبات بڑی صلاحیتوں کے مالک ہیں، تعلیمی دنیا میں خود سکالرشپس حاصل کر چکا ہوں۔ اس تاریخی ہال میں موجود تصاویر میں تمام طبی دنیا کے لیجنڈز ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قائدانہ صلاحیتوں سے بہت متاثر ہوں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز پنجاب کی عوام کیلئے بڑی محنت سے کام کر رہی ہیں۔ محکمہ صحت سے خرابی کرنے والے 250 لوگوں کو نکال چکے ہیں اور کرپشن پر زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف ہمارے گذارشات بڑے تحمل سے سن کر اہم فیصلے کرتی ہیں۔ پاکستان کو ایک عظیم مملکت بنانے کیلئے ہماری ہر نسل کو محنت کرنی ہو گی۔ وزیر اعلی پنجاب کے ویڑن کے مطابق کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے بچوں کو ایک کروڑ اٹھاون لاکھ روپے کے سکالرشپ دیئے گئے۔ یہ بات بے حد قابل ستائش ہے کہ قابل بچوں کے تمام تر تعلیمی اخراجات حکومت پنجاب کی جانب سے ہوں گے۔ ہم تمام سٹوڈنٹس اور فیکلٹی کی جانب سے وزیر اعلیٰ پنجاب کے مشکور ہیں۔ صوبائی وزیر محکمہ سکول ایجوکیشن رانا سکندر حیات خان نے تقریب کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہونہار سکالرشپ پروگرام تاریخ کا سب سے بڑا پروگرام ہے، 61 فیصد خواتین کو یہ سکالرشپ دیا جا رہا ہے۔ ریاست ماں جیسی ہوتی ہے اور ہمیں اس کی خدمت کرنی ہے۔ ہم مستقبل میں مفت ایم ڈی کیٹ پروگرام شروع کرنے جا رہے ہیں۔ 36 میڈیکل کالجز میں سکالرشپ دیئے جائیں گے۔ مستقبل میں ہونہار طالبعلموں کو میرٹ پر لیپ ٹاپ بھی دیئے جائیں گے۔ ایک لاکھ دس ہزار لیپ ٹاپس کی تقسیم رواں سال کی جائے گی۔ ہم چاہتے ہیں ایسا نظام بنا کر جائیں کہ آنے والے ادوار میں بھی سکالرشپس اور لیپ ٹاپس کی فراہمی جاری رہے۔ وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر محمود ایاز نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہم دونوں وزراءکے مشکور ہیں جن کی کاوشوں سے ایسا ممکن ہوا۔ میرٹ پر 224 سکالرشپ دینے پر ہم وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے مشکور ہیں۔ کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے ایم بی بی ایس، آلائیڈ ہیلتھ سائنسز اور ڈی پی ٹی کے طالبعلموں کو سکالرشپ دیا گیا۔ حکومت پنجاب کی جانب سے تعلیم کے فروغ کے لئے وزیر اعلٰی کا یہ اقدام سب سے بڑھ کے ہے۔ رانا سکندر حیات کا میڈیکل سٹوڈنٹس کے لئے یہ اقدام قابل قدر ہے۔