آئینی بنچ میں 5 ججز کا اضافہ، جسٹس منصور ،منیب ، پی ٹی آئی ممبران کی مخالفت

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)سپریم کورٹ کے آئینی بنچ میں5ججز کااضافہ،جوڈیشل کمیشن نے منظوری دےدی،جسٹس منصور علی شاہ، منیب اختر اور پی ٹی آئی ممبران کی جانب سے مخالفت کی گئی۔

چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میںآئینی بنچ میں ججوں کی تعداد بڑھانے پر غور کیا گیا، جوڈیشل کمیشن نے 5ججوں کے اضافے کی منظوری دےدی،جسٹس ہاشم کاکڑ، عامر فاروق، شکیل احمد، اشتیاق ابراہیم، صلاح الدین پنہور آئینی بنچ کا حصہ بن گئے،ججوں کی تعداد13تک جاپہنچی۔

ذرائع کے مطابق آئینی بنچ میں مزید ججز شامل کرنے کی منظوری اکثریت سے دی گئی، جسٹس منیب اختر، جسٹس منصور علی شاہ ،پی ٹی آئی کے 2 ممبران علی ظفر اور بیرسٹر گوہر نے مخالفت کی،چاروں ممبران نے رائے دی سپریم کورٹ کے تمام ججز کو آئینی بنچ میں شامل کیا جائے،مزید 5 نام شامل کرنے کی رائے آئینی بنچ کے سربراہ جسٹس امین الدین نے دی،پی ٹی آئی نے کہاآئینی بنچ میں کون سے ججز ہوں گے ،اختیار سربراہ کے پاس نہیں ہونا چاہیے،بنچ کے سربراہ صرف یہ کہہ سکتے ہیں کتنے جج درکار ہیں، کون سا جج آئینی بنچ میں شامل ہوگا جوڈیشل کمیشن اکثریت سے طے کرے گا۔

علاوہ ازیں لاہور ہائیکورٹ کیلئے راجہ غضنفر علی خان ، طارق محمود باجوہ ، عبہر گل خان ، تنویر احمد شیخ کے ناموں کی منظوری دی گئی،جوڈیشل کمیشن اجلاس میں راجہ غضنفر علی خان 14 ، عبہرگل خان 11 ،تنویر احمد شیخ 10،طارق محمود باجوہ کے حق میں 12 ممبران نے ووٹ دیا،چاروں ججزکوایک سال کیلئے ایڈیشنل جج لاہور ہائی کورٹ تعینات کیا گیا۔

اجلاس میں چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم سمیت دیگر ممبران نے شر کت کی،ذرائع کے مطابق سندھ ہائی کورٹ کے آئینی بنچ کیلئے مزید 3ججز نامزد کر دیئے گئے، جسٹس ریاضت سحر، نثار احمد ، عبدالحامد سندھ ہائی کورٹ کے آئینی بنچ کا حصہ ہوں گے۔