اقتدار کی ہوس نہیں ،عوام کو آزادی دلانی ہے،ملک سے دھونس، دھاندلی ، فریب کا نظام ختم کرنا ہوگا:پی ٹی آئی
کراچی، پشاور (بیورو رپورٹ) پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے ملک میں دھونس، دھاندلی اور فریب کا نظام قائم،ختم کرنا ہو گا،کراچی میں مزار قائد پر حاضری کے بعد پارٹی رہنماوں کےساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے کہا ہم وہ سیاست کررہے ہیں جو قائداعظم اور علامہ اقبال کی سیاست تھی، کراچی وہ شہر ہے جس نے پی ٹی آئی کو الیکشن میں 22سیٹیں دیں، کراچی سے پی ٹی آئی کی 22سیٹیں چرائی گئیں، ہم سندھ اور کراچی کے حق کیلئے کھڑے ہیں،سیاست کو عبادت سمجھتے ہیں، ہمیں اقتدار کی ہوس نہیں ،عوام کو آزادی دلانی ہے، اسد قیصر نے کہا کراچی کے لوگ ہمیں محبت دے رہے ہیں، کراچی والوں نے ہمیں عام انتخابات میں 22سیٹیں دیں، پورے سندھ سے ہمیں 44سیٹیں ملیں، ہمارے مینڈیٹ کو چوری کیا گیا، سندھ اور وفاقی حکومت کے پاس عوامی مینڈیٹ نہیں، سندھ میں امن وامان کی صورتحال خراب ہے، کراچی میں روزانہ شہریوں کے ساتھ لوٹ مار ہورہی ہے، ایسی مہم چلائیں گے آئندہ کوئی الیکشن میں دھاندلی نہ کرسکے،ادھر تحریک انصاف پارلیمنٹیرین ایک بار پھر متحرک ہوگئی، صوبائی صدر سید حبیب علی شاہ کی نگرانی میں تنظیم سازی کےلئے کمیٹی تشکیل دےدی گئی،کمیٹی میں ضیاءخان بنگش، نادیہ شیر خان، ملک واجد، ڈاکٹر آسیہ اسد، ملک شوکت اور صالح محمد، منصور درانی، ولسن وزیر، پیر قیصر عباس شاہ، ایڈووکیٹ احتشام، پیر عثمان، سردار شیر بہادر، عزت خان مومند، کلیم خان، نوید انجم، انور زمان خان اور دیگر شامل ہیں،کمیٹی پارٹی کی تنظیم سازی سے لےکر پارٹی مکمل سٹرکچرنگ 60 دن کے اندر مکمل کرے گی اور تمام تفصیلات جنرل سیکرٹری کے ساتھ شیئر کرے گی۔
















